کوٹری بولان میل انجن سے ٹکرا گئی ڈرائیور سمیت متعدد مسافر زخمی

ریلوے انتظامیہ کے مطابق حادثہ اسٹیشن ماسٹر کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

تصادم کے باعث دونوں انجن شدید متاثر ہوئے اور ان کے سامنے کے حصے ٹوٹ گئے۔ فوٹو: فائل

کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب بولان میل ایکسپریس اور ایک ریلوے انجن زور دار دھماکے کے ساتھ ٹکرا گئے۔

تصادم کے باعث سوئے ہوئے مسافر سیٹوں اور برتھوں سے گر پڑے، انجن کے ڈرائیور سمیت 3 مسافر شدید جبکہ کئی معمولی زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹری ریلوے اسٹیشن سے منسلک نتھو شاہ بابا کے مزار کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل ایکسپریس انجن نمبر 4820 کے ساتھ کوٹری اسٹیشن آرہی تھی کہ اچانک سامنے سے آنے والے ایک تیز رفتار انجن نمبر 3724 نے اسے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور بولان میل میںموجود سوئے ہوئے مسافر سیٹوں اور برتھوں سے گر پڑے جبکہ تصادم کے باعث دونوں انجن شدید متاثر ہوئے اور ان کے سامنے کے حصے ٹوٹ گئے۔


حادثے میں بولان میل کا ڈرائیور یار محمد، مسافر خاتون مسمات بلقیس اور یاسمین شدید زخمی ہو گئے، جنہیں تعلقہ اسپتال کوٹری پہنچایا گیا جبکہ کئی مسافر سیٹوں اور برتھوں سے گرنے کے باعث معمولی زخمی ہو ئے، جنہیں ریلوے انتظامیہ نے اسٹیشن پر ہی طبی امداد دی ۔ حادثے کے فوری بعد اسٹیشن ماسٹر نے ریلوے لائن کلیئر کرا دی اور ٹرین کو کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا جبکہ ٹکر مارنے والے انجن کو اسٹیشن پر مرمتی کام کے لیے روک لیا گیا۔

ریلوے انتظامیہ کے مطابق حادثہ اسٹیشن ماسٹر کی غفلت کے باعث پیش آیا کیوں کہ جس لائن پر بولان میل آ رہی تھی اسی لائن پر انجن کو جانے کی اجازت انھوں نے دی ۔ ٹکر مارنے والے انجن کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ کراچی سے آتے ہوئے اچانک بریک فیل ہو گئے اور انجن کوٹری اسٹیشن پر نہ رک سکا اور دادو لائن پر روانہ ہو گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
Load Next Story