حصص مارکیٹ شرح سود میں کمی کی امید پر ریکوری جاری

انڈیکس 54 پوائنٹس بڑھ کر 16197 ہوگیا، 212 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بلند۔

مارکیٹ سرمائے میں 6 ارب اضافہ، کاروباری حجم 30 فیصد کم، 16 کروڑ 51 لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو فائل

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو تیزی کا رجحان رہا جس کی وجہ سرمایہ کاروں کا افراط زر کی شرح میں کنٹرول میں رہنے کے باعث سود کی شرح میں کٹوتی کے حوالے سے پرامید ہونا ہے۔

کے ایس ای 100انڈیکس 54.67 پوائنٹس کے اضافے سے 16197.74 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 8.25 پوائنٹس کے اضافے سے 13184.09 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 26.79 پوائنٹس کی تیزی اورکے ایم آئی 30 انڈیکس میں بھی 42.96 پوائنٹس کی تیزی رہی، مجموعی طور پر 346 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 212 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 109 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی اور 25 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا، مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 6 ارب 5 کروڑ 59 لاکھ 2 ہزار 127 روپے بڑھ کر40کھرب 43 ارب 18 کروڑ 79 لاکھ 76 ہزار 691 روپے ہوگیا، کاروباری حجم میں 30.11 فیصد کی کمی ہوئی، مجموعی طور پر 16 کروڑ 51 لاکھ 15 ہزار 783 حصص کا کاروبار ہوا۔


جمعرات کو 23 کروڑ 62 لاکھ 68 ہزار 450 شیئرز کا لین دین ہوا تھا، سب سے زیادہ اضافہ آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 29.68 روپے کے اضافے سے 623.44 روپے پر بند ہوئی، اسی طرح سانوفیل ایونٹس پاک کے حصص کے سودے بھی 9 روپے بڑھ کر 325 روپے پر بند ہوئے، سب سے زیادہ کمی باٹا پاکستان اور میچلز فروٹ کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی، باٹا پاکستان کے حصص کی قیمت 67.12 روپے کی مندی سے 1317.88 روپے اور میچلز فروٹ کے شیئر کی قیمت بھی 15.50 روپے کی کمی سے 345 روپے رہ گئی، سب سے زیادہ کاروبار فوجی سیمنٹ کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 76 لاکھ 22 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 6.83 روپے سے شروع ہو کر 6.74 روپے پر بند ہوئی۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز فیوچر ٹریڈنگ میں 49 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 50 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور1کمپنی کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ 75 لاکھ 84 ہزار 690 حصص کا کاروبار ہوا۔

Recommended Stories

Load Next Story