حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا

خلیفہ دوئم کو جرأت و بہادری پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

حیدرآباد: حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت کے موقع پر اہلسنت والجماعت کی ریلی کے شرکا سے مولانا عبدالصمد حیدری خطاب کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI:
خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق ؓ کا یوم شہادت حیدرآباد میں انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر مختلف تقریبات منعقد ہوئیں اور ریلیاں بھی نکالی گئیں ، مقررین نے حضرت عمر فاروق ؓ کو ان کی جرآت وبہادری پر خراج عقیدت پیش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ یوم فاروق اعظم ؓ کو سرکاری سطح پر مناتے ہوئے عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ تحریک اشاعت کنزالایمان کے تحت عشرہ فاروق وحسین ؓ کے سلسلے میں تقریب سے علامہ ڈاکٹر قاری محمد فہیم رضا قادری اور تحریک کے بانی ناظم اعلیٰ محمد نعیم اختر رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاروق اعظم ؓ کے قبول اسلام سے دین حق کو قوت حاصل ہوئی اور مسلمان آزادانہ عبادت کرنے لگے، آپ ؓ نے مثالی اسلامی فلاحی مملکت قائم کی اور عدل وانصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا۔


دوسری جانب اہلسنت والجماعت سنی ایکشن کمیٹی کی جانب سے خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق ؓکے یوم شہات کے دن لیاقت کالونی سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جسکے شرکا خلیفہ دوئم کے یوم شہادت کے دن سرکاری تعطیل کیے جانے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ اس موقع پر سید عاصم علی شاہ ،مولانا عبدالصمد حیدری ودیگرکا کہنا تھا کہ اﷲ نے حضرت عمر فاروق ؓکو وہ مرتبہ اور مقام دیا جو اسلام میں کسی کو نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت عمر فاروق ؓ کا دورِ خلافت موجودہ حکمرانوںکیلیے مشعل راہ ہے ۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ تمام خلفائے راشدین کے ایام کے موقع پرعام تعطیل اور ان ایام کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا جائے۔زیریں سندھ کے دوسرے شہروں میں بھی یکم محرم الحرام کو یوم فاروق اعظم ؓ کے موقع پر اہلسنت و الجماعت کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں ۔
Load Next Story