آسٹریلوی اولمپک کمیٹی نے مسودے کی توثیق کردی

اولمپک ایتھلیٹس اور اہلکاروں کو ڈوپنگ کے حوالے سے اعلامیے پر دستخط کرنے ہونگے۔

اولمپک ایتھلیٹس اور اہلکاروں کو ڈوپنگ کے حوالے سے اعلامیے پر دستخط کرنے ہونگے۔ فوٹو : فائل

لاہور:
آسٹریلوی اولمپک کمیٹی نے کھلاڑیوں کے انتخاب کیلیے مجوزہ مسودے کی توثیق کر دی،اس کے تحت مستقبل کے تمام ملکی اولمپک ایتھلیٹس اور اہلکاروں کو ایک اعلامیہ پر دستخط کرنے ہوں گے کہ ماضی میں کبھی کارکردگی بڑھانے کے لیے کسی دوا کا استعمال نہیں کیا۔

جھوٹ بولنے والوں کو قید کی سزا کا سامنا کرنا ہوگا، دراصل یہ امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرونگ پر بننے والے ڈوپنگ کیس کا ردعمل ہے،7 مرتبہ اہم ترین ریس ٹور دی فرانس کے فاتح سائیکلسٹ کے چند قریبی ساتھیوں نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ وہ غیر قانونی ادویات کا استعمال کرتے رہے ہیں، جس کے بعد ان سے تمام اعزازات واپس لے لیے گئے۔ آسٹریلیا کے دو سینئر سائیکلنگ افسران نے بھی بعد میں یہ تسلیم کیاکہ ریسنگ کیریئرز کے دوران قوت بخش دوا استعمال کی اپنے عہدے چھوڑ دیے تھے،2 نومبر کو جب اس منصوبے کا اعلان کیا گیا تو آسٹریلوی اولمپک کمیٹی کے صدر جان کوئٹز نے کہا تھا کہ جو کھلاڑی اس حلف نامے پر دستخط نہیں کریں گے، وہ اولمپک مقابلوں میں حصہ لینے کے اہل نہیں رہیں گے، غلط بیانی کرنے والوں کو 5 سے 7 سال تک کی قید ہو سکے گی۔


انھوں نے کہا کہ ہم ایسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا چاہتے جن سے سائیکلنگ کی دنیا کو ابھی گزرنا پڑا ہے،کمیٹی کے ترجمان مائک ٹین کریڈ نے جمعے کے روز کہا کہ یہ قوانین صرف کارکردگی بہتر کرنے والی ادویات کے سلسلے میں ہیں،یہ جونیئر ٹیموں پر لاگو نہیں ہوںگے، قانون بن جانے کی صورت میں یہ اصول روس میں ہونے والے 2014کے ونٹر اولمپکس اور 2016میں ریو ڈی جنیرو کے اولمپک مقابلوں پر لاگو ہوگا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی کھیلوں میں غیر قانونی ادویات کے استعمال کے نگراں ادارے نے کہا کہ غیر قانونی ادویات کے استعمال میں ملوث مزید سائیکلسٹ سامنے آنے اور معلومات دینے کے بارے میں غور کر رہے ہیں،ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے قوانین کے مطابق سامنے آنے والے تمام کھلاڑیوں کی مدد کی جائے گی۔ادارے کے چیف ایگزیکٹیو ارورا اندروسکا نے کہاکہ ہمیں بتایا گیاکہ کچھ لوگ اس سلسلے میں منظرِ عام پر آنے کے بارے میں غور کر رہے ہیں، ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس سے پہلے کہ کوئی اور ہمیں آپ کے بارے میں بتائے خود آ کر بات کر لیں۔
Load Next Story