حضرت عمر فاروق ؓ کی زندگی ہر مسلمان کیلیے مشعل راہ ہے

یکم محرم یوم فاروق اعظم ؓ پر حکومت کی جانب سے چھٹی کا اعلان نہ کرنا افسوس ناک ہے.

اہلسنّت و الجماعت کے تحت مدح صحابہؓ ریلی کے شرکاسے مولانا اورنگزیب فاروقی خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

اہلسنّت و الجماعت کے تحت یوم فاروق اعظمؓ اور یوم شہادت کے سلسلے میں لسبیلہ چوک سے ریگل چوک تک مدح صحابہؓ ریلی نکالی گئی۔

اس موقع پر ریلی کے شرکا سے اہلسنّت و الجماعت کے رہنمائوں علامہ اورنگزیب فاروقی، مولانا رب نواز حنفی، ڈاکٹر محمد فیاض، مولانا اللہ وسایا صدیقی، مولانا حماد اللہ مدنی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عمر فاروق ؓ کی پوری زندگی ہر مسلمان کیلیے مشعل راہ ہے، آپ ؓ عدل و انصاف کے پیکر تھے آپ ؓ 10سال 6ماہ مسلمانوں کے خلیفہ رہے اور 22لاکھ مربع میل پر اسلام کا جھنڈا لہرایا۔


یکم محرم الحرام حضرت عمر فاروق ؓ کی شہادت کا دن ہے جسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جاتا ہے، یکم محرم الحرام یوم فاروق اعظم ؓ پر حکومت کی جانب سے چھٹی کا اعلان نہ کرنا انتہائی افسوس ناک ہے، مقررین نے کہا کہ حضرت عمر فاروق ؓ کی شخصیت کسی انسان سے ڈھکی چھپی نہیں، کوئی بھی مسلمان آپ ؓ کے فضائل و مناقب کا انکار نہیں کرسکتا مقررین نے کہاکہ حضرت عمر فاروق ؓ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ آپ ؓ نے سب سے پہلے اعلانیہ اسلام قبول کیا، سب سے پہلے آپ ؓ نے اعلانیہ ہجرت کی، آپ ؓ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ آپ ؓ نے تاریخ و سال ہجری جاری کیا۔

پولیس و فوج کا شعبہ آپ ؓ نے بنایا، انھوں نے کہاکہ اگر جمہوریت ڈے ، سندھی ٹوپی اور اجرک ڈے ،مزدور ڈے ،کشمیر ڈے منایا جاسکتا ہے تو کیا وجہ ہے کہ حکومت خلفائے راشدین ؓ کے ایام کو سرکاری طور پر نہیں مناتی،انھوں نے کہاکہ اہلسنت و الجماعت اب اس یک طرفہ ٹریفک کو چلنے نہیں دے گی اگر حکومت ایام خلفائے راشدین ؓ پر چھٹی نہیں کرسکتی تو پھر تمام چھٹیوں کو ختم کیا جائے، انھوں نے یہ بھی کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ بیرونی قوتوں کو خوش کرنے کیلیے اس موقع پر مختلف قسم کی پابندیاں لگا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اہلسنت و الجماعت ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت کے خاتمے کیلیے ملک بھر میں عشرہ فاروق ؓ وحسین ؓ منائے گی، اہلسنت و الجماعت جہاں ایک طرف یوم فاروق اعظم ؓ پر کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کرے گی وہاں دوسری طرف اہلسنت و الجماعت ملک بھر میں حضرت حسین ؓ پر سیمینارز اور کانفرنسزکا انعقاد کرے گی۔
Load Next Story