ذکر حسینؓ امن کے قیام کی ضمانت ہےشہنشاہ حسین نقوی

انتظامیہ اپنی نااہلی دوسرے پر ڈالنے کی کوشش نہ کرے، امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے.

علامہ شہنشاہ علی نقوی نشتر پارک میں محرم الحرام کی پہلی مجلس سے خطاب کر رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI:
ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے عزاداران کو عزاداری سے نہیں روکا جاسکتا۔

ہم نے نہیں کہا کہ راستے بند کردیے جائیں، موبائل فون بند کردیے جائیں، موٹرسائیکل چلانے پر پابندی لگادی جائے، انتظامیہ اپنی نااہلی دوسروں پر ڈالنے کی کوشش نہ کرے اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے، انتظامیہ کے اقدامات سے نہیں لگ رہا کہ وہ شرپسندوں کو روک رہی ہے بلکہ ایسا لگ رہا ہے کہ وہ عزاداران کو روک رہی ہے لیکن حکومت یہ بات یاد رکھے کہ عزاداران کو روکا نہیں جاسکتا کیونکہ عزاداری ان کا آئینی حق ہے، عزاداران پیدل چل کر بھی آجائیں گے، حکومت جانتی ہے کہ شرپسند عناصر کون ہیں، حکومت انھیں لگام دے۔


ان خیالات کا اظہار انھوں نے محرم الحرام کی پہلی مجلس بعنوان ''سیرت مصطفی'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ عزاداران کی گردنیں درباروں میں کٹ سکتی ہیں جھک نہیں سکتیں، عزاداری ہمارے وجود کی ضامن ہے، ذکر امام حسینؓ امن کے قیام کی ضمانت ہے، مسلمان فلسفہ قربانی کو سمجھ لیں تو امت مسلمہ کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں،علامہ طالب جوہری نے امام بارگاہ ساحرہ نیو رضویہ سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم ہمیں صبر و تحمل برداشت اور باہمی اتحاد کا درس دیتا ہے، امام حسینؓ کے ذکر اور پیغام کو عام کرکے پرچم اسلام کو سربلند کیا جائے۔

باطل نظام اور نظریے کیخلاف اٹھ کھڑے ہونا ہی حسینیت ہے، علامہ حسن ظفر نقوی نے مسجد سید شہدا اسلامک کلچر ریسرچ سینٹر میں عشرہ محرم کی پہلی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آمد محرم پر امن و وحدت اور رواداری کے پیغام کو عام کیا جائے، اس ماہ میں افکار حسینی کو عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا اس سے فیضیاب ہوسکے، مولانا سید ناظر عباس تقوی نے عشرہ محرم کی پہلی مجلس سے مرکزی امام بارگاہ جعفرطیار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید شہدا امام حسینؓ کی ذات مقدس میں ہمیں صبر، ایثار و قربانی اور حق پر ثابت رہنے کا درس ملتا ہے، انھوں نے عزاداران سے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا پیغام حق باوقار انداز سے دنیا تک پہنچائیں، بدترین حالات میں بھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہے، انھوں نے کہا کہ حالات خراب کرکے ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔
Load Next Story