محمد حفیظ لٹل اسٹارز کی صلاحیتیں نکھاریں گے

لاہور میں ’’اسکلز ٹو شائن‘‘ پروگرام کے انڈر15ٹرائلزکا آغاز9 مئی سے کیا جائیگا

لاہور میں ’’اسکلز ٹو شائن‘‘ پروگرام کے انڈر15ٹرائلزکا آغاز9 مئی سے کیا جائیگا فوٹو: فائل

قومی آل رائونڈر محمد حفیظ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے میدان میں آ گئے، سرگودھا کے بعد لاہور میں بھی ''اسکلز ٹو شائن'' کے نام سے پروگرام کا آغاز کر دیا۔


اس حوالے سے اکیڈمی آف کرکٹنگ ایکسیلنس کے زیراہتمام انڈر15 ٹرائلزکا آغاز9 مئی سے ہوگا۔ 11 مئی تک ڈی ایچ اے میں جاری رہنے والے ٹرائلز کی نگرانی قومی کرکٹر محمد حفیظ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر شاہد اسلم کریں گے، خواہشمند کھلاڑیوں کو برتھ سرٹیفکیٹ کے ہمراہ شریک ہونے کے لیے کہا گیا ہے، شاہد اسلم نے بتایا کہ ٹرائلز کے بعد منتخب کھلاڑیوں کا ایک ماہ کا کیمپ لگایا جائے گا، کیمپ کے اختتام پر تمام ٹاپ پلیئرز کو ایک سال کیلیے اسکالرشپ ملے گی۔

شاہد اسلم نے کہا کہ محمد حفیظ 2014 میں بھی کلب سطح پر اس طرح کا پروگرام کر چکے ہیں جو نوجوان کھلاڑیوں میں خاصا کامیاب رہا، آل رائونڈر لاہور کے بعد ملک کے دیگرشہروں میں بھی نوجوان پلیئرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بیڑہ اٹھائیں گے، بین الاقوامی شہرت یافتہ محمد حفیظ کی وجہ سے نوجوان کرکٹرز کو نہ صرف اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع بلکہ اس پروگرام کے سبب پی سی بی کے انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2017 کو بھی مدد ملے گی۔
Load Next Story