کامرہ ایئر بیس پر حملے میں ملوث 2 دہشت گرد گرفتار

5 خودکش جیکٹس ،75 کلو بارود برآمد، گرفتاریاں گجرات سے ہوئیں،آئی جی پنجاب

لاہور پولیس کا اہلکار پکڑے جانیوالے دہشت گردوں سے برآمد ہونیوالی خودکش جیکٹ دکھارہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

گجرات پولیس نے کامرہ ایئر بیس ،گجرات میں فوجی کیمپ اور پولیس ناکے پر حملے میں ملوث حکیم اللہ محسود گروپ کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے5 خودکش جیکٹس سمیت75 کلو دھماکا خیز مواد،درجنوں دستی بم ،ڈیٹونیٹرز،ریمورٹ کنٹرول آلات ، ٹائم ڈیوائسز اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا۔

ملزمان نے محرم الحرام کو سبوتاژ کرنے کیلئے تیاری مکمل کر رکھی تھی ۔یہ انکشاف آئی جی پولیس پنجاب حاجی حبیب الرحمن نے گزشتہ روز پولیس کلب میں آر پی او گوجرانوالہ کیپٹن(ر) امین وینس اور ڈی پی او گجرات راجہ بشارت محمود کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 جولائی کو چناب پل پر تباہ شدہ ہیلی کاپٹر میں شہید ہونے والے آرمی افسر کے جسد خاکی کی تلاش میں لگائے گئے کیمپ پر ان دہشت گردوں نے حملہ کر کے7 فوجیوں کو شہید اور5 کو زخمی کردیا تھا جبکہ اس دوران پولیس کی ایک موبائل اسکواڈ وہاں آگئی جنہوں نے فرار ہوتے ملزمان پر فائرنگ کی ۔


ملزمان کی جوابی فائرنگ سے ایک کانسٹیبل شہید ہو گیا تھا لیکن ملزمان فرار ہوتے وقت اپنی ایک موٹر سائیکل اور اہم دستاویزات وہاں چھوڑ گئے جن کی مدد سے گجرات پولیس نے شواہد کی بنا پر علاقہ رتی بن میں چھاپہ مار کر ملزم شفیق احمد کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے خطرناک اسلحہ برآمد ہوا ۔ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا تعلق حکیم اللہ محسود گروپ سے ہے اور ان کا مقامی گروہ10 افراد پر مشتمل ہے اور کامرہ ایئربیس پر حملے میں ان کا ایک ساتھی مارا جا چکا ہے۔

جبکہ گجرات میں فوجی کیمپ پر حملہ کر کے فوجیوں کو شہید کرنے کے علاوہ انھوں نے13 مارچ کوکٹھالہ پھاٹک گجرات پر پولیس ناکے پر فائرنگ کر کے چار پولیس اہلکاروں کو بھی شہید کیا تھا ۔ملزم شفیق نے انکشاف کیا کہ اس نے محرم الحرام کے دوران بڑے پیمانے پر دہشت گردی کیلیے خودکش جیکٹس ،دستی بم اور دھماکا خیز مواد تھانہ ٹانڈہ کے علاقہ چاہ بیری والا میں اپنے بیٹے عبدالرحمن کے پاس رکھا ہوا ہے جس پر پولیس نے چھاپہ مار کر عبدالرحمن کو گرفتار کر کے خودکش جیکٹس اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔
Load Next Story