کپتان تنکوں سے قلعہ تعمیر کرنے کا خواب دیکھنے لگے

قومی ٹیم کے کپتان کا ورلڈکپ میں براہ راست شرکت کیلیے رینکنگ میں بہتری کا عزم

انگلینڈ سمیت ٹاپ ٹیموں کوہرا کر ہی مشکل صورتحال سے نکل سکتے ہیں، اظہر علی۔ فوٹو: فائل

قومی ون ڈے کپتان تنکوں سے قلعہ تعمیر کرنے کا خواب دیکھنے لگے، ورلڈکپ میں براہ راست شرکت کیلیے رینکنگ میں بہتری لانے کا عزم ظاہر کردیا، اظہر علی نے کہاکہ نویں پوزیشن فکرمندی کی بات ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی مسلسل زوال پذیر ہے، گرین شرٹس13ماہ کے دوران29میں سے صرف 12 میچز ہی جیت پائے، ایک کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا،گذشتہ ورلڈکپ کے بعد مصباح الحق کی جگہ ٹیم کی کمان سنبھالنے والے اظہر علی خاص طور پر تنقید کی زد میں ہیں۔

ان کی قیادت میں پاکستان کو اپنی تاریخ میں پہلی بار بنگلہ دیش میں نہ صرف کسی سیریز میں شکست ہوئی بلکہ 3-0سے کلین سویپ کی خفت بھی اٹھانا پڑی، دورہ سری لنکا میں کئی اہم کھلاڑیوں سے محروم میزبان ٹیم کیخلاف 3-2سے فتح نے آئندہ چیمپئنز ٹرافی میں نشست محفوظ بنائی، اس کے بعد کمزور زمبابوے کو ہوم سیریز میں2-0 پھر اوے سیریز میں2-1 سے ہرایا، انگلینڈ نے 3-1اور نیوزی لینڈ نے 2-0سے مات دے کر بہتری کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، مسلسل ناقص کارکردگی کے نتیجے میں نئی آئی سی سی ورلڈ رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن نویں ہے۔ انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ 2019 میں صف اول کی 8 ٹیمیں براہ راست حصہ لیں گی،2کا انتخاب کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے ہوگا۔


فیصلہ 30 ستمبر 2017 تک کی عالمی رینکنگ کی بنیاد پر ہونا ہے،اس مقصد کو پانے کیلیے گرین شرٹس کا سفر قطعی طور پر آسان نہیں ہوگا، پہلی مہم ہی مشکل ترین دورئہ انگلینڈ ہے جس میں میزبان ٹیم سے5اور آئرلینڈ سے 2ون ڈے ہوں گے، اس کے بعد یواے ای میں شیڈول 3میچز کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی دیوار گرانا ہوگی، کینگروز کے دیس میں ایک اور چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا جہاں 6 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے، نو منتخب چیف سلیکٹر انضمام الحق ابھی تک ان اہم ٹورز کیلیے موزوں کرکٹرز کی تلاش میں ہیں،ممکنہ 35کھلاڑیوں میں سے بھی کئی مشکوک فٹنس کے حامل ہیں، فوری طور پر بہتری کاکوئی امکان نظر نہیں آتا،اس کے باوجود کپتان اظہر علی تنکوں سے محل تعمیر کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔

انھیں امید ہے کہ قومی ٹیم اس صورتحال سے ابھر کر فتوحات کے ٹریک پر واپس آسکتی ہے۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسیزکو انٹرویوز میں انھوں نے کہاکہ عالمی رینکنگ میں پاکستان کا نویں نمبر پر ہونا فکرمندی کی بات اور مجھے اس کا احساس ہے، صورتحال میں بہتری کیلیے گرین شرٹس کو اب بڑی ٹیموں کو ہرانا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم نے سال کے اوائل میں نیوزی لینڈ سے اچھا مقابلہ کیا لیکن جیتنے کے مواقع ضائع کرکے سیریز گنوا دی، ہمیں فتح حاصل کرنا چاہیے تھی۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا آئندہ شیڈول سخت اور مضبوط ٹیموں کا سامنا ہوگا تاہم بہتر کارکردگی سے رینکنگ بہتر بنانے کیلیے پُرعزم ہیں، انگلینڈ کو اسی کے میدانوں میں ہرانا آسان نہیں، یہ یقیناً بہت بڑا چیلنج ہوگا لیکن یہی وقت ہے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ ٹیموں کو زیر کرکے رینکنگ کو بہتر بنائیں۔ اظہرعلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی سلیکشن کمیٹی اورکوچ کے آنے سے اچھی منصوبہ بندی ہو گی،کھلاڑی اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے ٹیم کو ایک بار پھر بحران سے نکالنے میں مددگار ثابت ہونگے۔
Load Next Story