کراچی کے حالات ٹھیک کرنے میںحکومت سنجیدہ نہیںعابدشیر

حکومت کی مفاہمتی پالیسی نے امن تباہ کیا،بلاتفریق آپریشن کیاجائے،شاہی سید

حکومت کی مفاہمتی پالیسی نے امن تباہ کیا،بلاتفریق آپریشن کیاجائے،شاہی سید فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے کہاہے کہ کراچی کے حالات ٹھیک کرنے میں حکومت سنجیدہ ہی نہیں۔

ان میں سیاسی عزم نہیںکہ وہ کراچی کا امن واپس لاسکیں ۔حکومت میں گڈ گورننس نام کی کوئی چیز نہیں یہ صرف اپنی مدت پوری کرنے کے چکر میں ہیں ۔پروگرام ''ٹودی پوائنٹ'' میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ ایک وقت تھا جب شاہی سید ایم کیو ایم کو قاتل کہتے تھے اور ایم کیو ایم ان کو آج کراچی کی تینوں سیاسی جماعتیں حکومت میں ہیں اب انھوں نے کس فریق کو اپنے ساتھ بٹھا نا ہے۔کراچی میں روز بندے مررہے ہیں ڈی جی رینجرز عدالت میں کہتے ہیں کہ حکومت ان کو کام نہیں کرنے دے رہی ۔


ایم کیو ایم کے لوگوں کو ایک جیل سے دوسری میں منتقل کیا گیا تو ایم کیو ایم سڑکوں پر نکل آئی تمام کریمنلزکا ریکارڈ موجود ہے سب کے سیاسی جماعتوں سے تعلقات ہیں ۔اے این پی کے رہنما شاہی سید نے کہاکہ کراچی کا امن حکومت کی مفاہمتی پالیسی نے تباہ کیا ہے موجودہ حکومت کی ناکامی کی وجہ ہی مفاہمتی پالیسی ہے اس پالیسی نے کراچی کے بیگناہ لوگوں کی جانیں لی ہیں ۔سوات اور مالاکنڈ کے طالبان کراچی آگئے ہیں اور وہ انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں دہشتگردوں کے ساتھ سرجوڑ کر نہیں بیٹھا جاسکتا لیکن تمام سیاسی دھڑوں کو آپس میں نیک نیتی کے ساتھ مل کر بیٹھنا ہوگا ۔

کراچی کے جرائم میں جو لوگ ملوث ہیں ان میں دس فی صد طالبان ہیں باقی نوے فی صد ایسے جرائم پیشہ لوگ ہیں جن کا کسی نہ کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہے ۔کراچی میں امن تبھی آسکتا ہے جب بلاتفریق آپریشن ہو۔پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ بہت پرانا ہے، بہت سے فیکٹر ہیں ، طالبان کافیکٹر نیا نہیںہے ۔حکومت کراچی کے امن کے لیے وہ کچھ نہیں کرپائی جو ہوناچاہیے تھا لیکن ہم کوشش کررہے ہیں۔جرائم میں ملوث لوگوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔اجمل پہاڑی گرفتار ہے اگر چھوڑا گیا ہے تو عدالت نے چھوڑا ہوگا ۔
Load Next Story