ڈیوس کپ فائنل جمہوریہ چیک کو اسپین کیخلاف 21 کی برتری

اسپین کے ڈیوڈ فیرر نے راڈک اسٹیپنک کو دو گھنٹے58 منٹ کی آزمائش کے بعد 6-3،6-4 اور 6-4 سے ٹھکانے لگایا۔

ڈیوس کپ فائنل : اسپینش پلیئر الماگرو کو شکست دینے پر جمہوریہ چیک کے بریڈیچ خوشی سے بے قابو۔ فوٹو: رائٹرز

ڈیوس کپ فائنل میں جمہوریہ چیک نے دفاعی چیمپئن اسپین کیخلاف 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔


ہفتے کو منعقدہ ڈبلز میں میزبان جوڑی ٹوماس بریڈیچ اور راڈک اسٹیپنک نے میدان مارلیا،انھوں نے اعصاب شکن مقابلے میں مارسیل گرینولرز اور مارک لوپز کو3-1 سے مات دی، گزشتہ ہفتے لندن میں منعقدہ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز میں ڈبلز ٹرافی جیتنے والے اسپینش پلیئرز ابتدائی سیٹ 6-3 سے جیتنے کے بعد مزید کوئی کامیابی حاصل نہیں کرپائے، بریڈیچ اور اسٹیپنک نے دیگر تین سیٹس میں 7-5،7-5 اور 6-3 سے فتح پائی، اس سے قبل ابتدائی سنگلز میں دونوں ممالک نے ایک ایک کامیابی حاصل کی تھی۔

اسپین کے ڈیوڈ فیرر نے راڈک اسٹیپنک کو دو گھنٹے58 منٹ کی آزمائش کے بعد 6-3،6-4 اور 6-4 سے ٹھکانے لگایا،دوسرے سنگلز میں ورلڈ نمبر6 اور جمہوریہ چیک کے نمبرون کھلاڑی ٹوماس بریڈیچ نے اسپینش حریف نکولس الماگرو کو تقریباً چارگھنٹوں پر محیط مقابلے میں شکست دے کر اپنی ٹیم کو خسارے سے نکالا، ورلڈ نمبر6 بریڈیچ نے یہ مقابلہ 6-3،3-6،6-3،6-7 (5/7) سے اپنے نام کیا۔اسپین کی ٹیم کو اپنے اسٹار کھلاڑی رافیل نڈال کا ساتھ میسر نہیں جو گھٹنے کی انجری کے سبب ڈیوس کپ ٹائی کیلیے اپنے ملک کودستیاب نہیں ہوپائے۔
Load Next Story