سسیکس نے پلیئرز سے فکسنگ کیلیے روابط کی تصدیق کردی

برطانوی صحافی ہاکنز نے اپنی کتاب’ بکی گیمبلر فکسر اسپائی‘ میں انکشاف کیا تھا کہ ایک 40 اوورز کا کائونٹی میچ فکسڈ تھا.

گذشتہ برس کینٹ کے خلاف کھیلے گئے پرو 40 میچ کے بارے میں آئی سی سی نے بھی تحقیقات کی تھیں. فوٹو: فائل

SIALKOT:
انگلش کائونٹی سسیکس نے اپنے پلیئرز سے فکسنگ کیلیے روابط کی تصدیق کردی، کلب کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس کینٹ کے خلاف کھیلے گئے پرو 40 میچ کے بارے میں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بھی تحقیقات کی تھیں، مکمل چھان بین کے باوجود کوئی بھی غلط بات سامنے نہیں آئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی صحافی ہاکنز نے اپنی کتاب' بکی گیمبلر فکسر اسپائی' میں انکشاف کیا تھا کہ ایک 40 اوورز کا کائونٹی میچ فکسڈ تھا، جس کی اطلاع ان کو ایک بھارتی بکی نے دی تھی،اس میچ پر قانونی طور پر شرطیں قبول کرنے والی فرم 'بیٹ فیئر' پر 14 ملین پائونڈ کا ٹرن اوور رہا تھا۔ اس انکشاف نے تمام ہی کائونٹی پرو 40 میچز پر شکوک کھڑے کردیے جس پر مجبوراً سسیکس کو سامنے آکر تسلیم کرنا پڑاکہ جس میچ کا حوالہ ایڈ ہاکنز نے اپنی کتاب میں دیا وہ ان کی ٹیم اور کینٹ کے درمیان گذشتہ برس کھیلا گیا تھا،اس کی تحقیقات خود آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بھی کی تھیں۔


سسیکس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیاکہ کلب اس بات کی تصدیق کرسکتا ہے کہ اس میچ کے حوالے سے کچھ پلیئرز سے بکیز کی جانب سے رابطہ کیا گیا تھا، جب یہ معاملہ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن( پی سی اے) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سامنے رپورٹ ہوا تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اس کے بارے میں تحقیقات کیں،کلب نے خود بھی معاملہ سامنے آتے ہی پی سی اے کے ساتھ مل کر چھان بین کی اور میچ کے بعد معلومات سے ای سی بی کو بھی آگاہ کیا۔

آئی سی سی کے ساتھ کی جانب سے والے تحقیقات میں بھی کوئی غلط چیز سامنے نہیں آئی، کلب کی فوری تحقیقات اور مناسب کارروائی پر سب نے اس کی تعریف بھی کی، ہم اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہمارے کلب کی جانب سے کبھی کھیل کی انٹیگریٹی کی خلاف ورزی نہیں کی گئی،مستقبل میں بھی کرکٹ کو کرپشن سے محفوظ رکھنے کیلیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔یاد رہے کہ ستمبر 2009 میں ڈرہم سے میچ میں اسپاٹ فکسنگ پر ایسیکس کے فاسٹ بولر میرون ویسٹفیلڈ کو چار ماہ جیل کی ہوا کھانا پڑی تھی،اسی کیس میں انگلش بورڈ نے پاکستان کے اسپنر دانش کنیریا پر تاحیات پابندی عائد کردی ہے۔
Load Next Story