بلدیاتی محکموں میں7سے10محرم تک ایمرجنسی نافذ ٹاؤنز میں جراثیم کش اسپرے ہوگا

عملے کی چھٹیاں منسوخ، موبائل سروس کے بندہونے کے خدشے کے پیش نظر فائر اسٹیشنز اورافسران کو وی وائرلیس ٹیلیفون فراہم۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید چیف ٹائون آفیسر ز کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

محکمہ میونسپل سروسز کے تحت کام کرنے والے تمام محکموں میں 7 تا 10 محرم رات گئے تک ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے اور ایک ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

جس کا نمبر 99230071 ہے تمام متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹرمحمد حسین سید کی ہدایت پر محرم الحرام کے موقع پرکراچی کی حدود میں واقع تمام ٹائونزمیں جراثیم کش اسپرے کے انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ 18اسپرے گاڑیاں تمام ٹائونز میں 3 دن تک اسپرے کریں گی جو 6 ، 7 ،8 محرم الحرام تک کیا جائے گا اور ہر ٹائون کو ایک اسپرے گاڑی کور کرے گی جبکہ جراثیم کش اسپرے تمام مساجد اور اور امام بارگاہوں کے اندر اور اطراف میں بھی کیا جائے گا اور 2 اسپرے والی گاڑیاں سوک سینٹر میں پانچ دن6سے10محرم الحرام تک اسٹینڈ بائی رہیں گی۔


تاکہ کسی بھی علاقے میں ایمرجنسی کی صورت میں ضرورت پڑنے پر اسپرے سے متعلق شکایات کو حل کیا جا سکے جبکہ تمام ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشنز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنا ایک افسر تعینات کریں جو تمام اسپرے کے کام کی نگرانی کرے اور رپورٹ جمع کرائے ،دریں اثنا محرم الحرام کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ہنگامی اجلاس ڈاکٹر شوکت زمان سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسزکے ایم سی کی صدارت میں ان کے دفتر سوک سینٹر میں منعقد ہوا ، نعمان ارشدڈائریکٹر مشین پول ڈپو، چیف فائر آفیسر، ڈپٹی چیف فائر آفیسر اور تمام اسٹیشن آفیسرز اور ٹیم لیڈر اربن سرچ اینڈ ریسکیو نے شرکت کی، چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ فائر بریگیڈ اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو کے اہم کیمپس بمقام مزار قائد، کے ایم سی ہیڈ آفس، این جے وی اسکول اور میمن مسجدبولٹن مارکیٹ پر بنیں گے جس میں متعلقہ عملہ اور مشینری چوبیس گھنٹے موجود ہوگی اس کے علاوہ ان محکموں کی بیک اپ سپورٹ کے لیے باغ جناح اور کراچی زولوجیکل گارڈن پر ایک ایک اسپیشل کیمپ بنے گا۔

جس میں محکمہ مشین پول ڈپو کی بھاری گاڑیاں بمعہ متعلقہ عملہ اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور عملہ ان تینوں دنوں میں وہاں پر موجود رہیں گے،اس کے علاوہ تمام فائر اسٹیشنز اور دیگر افسران کو وی وائرلیس ٹیلیفون فراہم کیے جائیں گے تاکہ موبائل سروس کے بندہونے کی صورت میں مستقل رابطہ برقرار رہے، شہرکے تمام بڑے امام بارگاہوں اور مصروف شاہراہوں بالخصوص جلوس کے راستوں پر سٹی وارڈنز متعین رہیں گے۔
Load Next Story