بدامنی کے ذمے دار طالبان نہیں سیاسی جماعتیں ہیں اہالیان کراچی

موبائل سروس بند کرنے اور موٹرسائیکل پر پابندی سے مستقل امن قائم نہیں ہوسکتا.

قائم علی شاہ اللہ اللہ کریں، ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو. فوٹو: فائل

کراچی کے علاقوں کورنگی ،لیاری کچھی کمیونٹی، لیاری ٹائون اورکٹی پہاڑی کے عام شہریوں نے کہا ہے کہ موبائل سروس بند کرنا اور موٹرسائیکل پر پابندی سے مستقل امن قائم نہیں ہوسکتا۔

کراچی میں امن نہ ہونے کے ذمے دار طالبان نہیں سیاسی جماعتیں ہیں، حکومت یا تو کراچی کو اسلحہ سے پاک کردے یا پھر عام شہریوں کو اپنی جان ومال کی حفاظت کے لیے اسلحہ دے، سیاستدان خود بڑی بڑی بلٹ پروف گاڑیوں میں پھرتے ہیں ہمیں موٹرسائیکل پر نہیں بیٹھنے دیتے، قائم علی شاہ کو چاہیے کہ وہ اب مسجد میں بیٹھ کر اللہ اللہ کریں، سارے لوگ جانتے ہیں کہ کراچی کی دہشتگردی میں کون سی سیاسی جماعت شامل ہے۔

وہ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کر رہے تھے۔ کورنگی کے شہریوں نے کہاکہ کراچی کو درندوں کے حوالے کردیا گیا، روزانہ دس دس لوگ مارے جارہے ہیں، خدا کے لیے سیاستدان پاکستان کی جان چھوڑ دیں، جو حکومت کے اتحادی ہیں وہ اپنے لوگوں پر رحم کریں، موبائل اور موٹرسائیکل پر پابندی حکومت کی کامیابی نہیں ناکامی ہے، سیاستدانوں اور طالبان دونوں نے ہی پریشان کررکھا ہے۔


ایک شخص نے کہاکہ اگر کراچی کا سارا نظام ایم کیو ایم کے ہاتھ میں دیدیاجائے تو کراچی کے حالات ٹھیک ہوجائیںگے۔ کٹی پہاڑی کے شہریوںکا کہنا تھا کہ رینجرز اہلکاروں کی موجودگی میں حملہ آور لوگوں کو قتل کر جاتے ہیں، کراچی میں طالبان وغیرہ کچھ نہیں ہیں صرف سیاسی جماعتیں ہیں جو امن تباہ کررہی ہیں، ہم آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر وہ پاکستانی ہیں تو کراچی میں امن قائم کریں یا پھر عوام کو باہر نکلنے کا کہہ دیں۔ کٹی پہاڑی کے لوگوں نے کہا کہ اگر موٹرسائیکل پر پابندی ہی لگانی ہے اور موبائل بند کرنے ہیں تو پھر ہم گدھے گھوڑے لے لیتے ہیں اور یہ ہم کو تھوڑا بہت جو آتا ہے پانی و بجلی بھی چھین لیں، جب تک تینوں سیاسی جماعتیں اقتدار میں رہیں گی کراچی میں امن نہیں ہوسکے گا۔

لیاری کچھی کمیونٹی کے شہریوں نے کہاکہ رحمٰن ملک کے ٹوٹکوں سے رہا سہا کاروبار بھی تباہ ہوگیا، لیاری کے عوام پیپلزپارٹی کا اٹوٹ انگ ہیں لیکن ان کے ساتھ اچھا برتائو نہیں کیا جارہا گھر سے نکلیں تو گھر والے الگ پریشان اور کاروبار کے لئے جانے والے الگ پریشان ۔کراچی کے امن کی دشمن سیاسی جماعتیں ہیں طالبان کا صرف بہانہ ہے کراچی کا امن لانے کے لئے کراچی کو فوج کے حوالے کردینا چاہئے، کتنی حیران کن اور دکھ کی بات ہے کہ کراچی کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں حکومت کررہی ہیں لیکن کراچی میں امن نہیں۔

لیاری ٹائون کے لوگوں نے کہاکہ ہم نے پیپلزپارٹی کوووٹ دیا لیکن پیپلزپارٹی ہمارے سینے پر مونگ دل رہی ہے وہ دوغلی جماعت ہے، سارے طالبان کی بات کرتے ہیں طالبان صرف بہانہ ہے، رحمٰن ملک ،قائم علی شاہ ،فریال تالپوراور افضل ٹپی کو پروٹوکول چاہئے غریب عوام کو چاہے کچھ ملے نہ ملے، قائم علی شاہ کو چاہئے کہ وہ اب استعفیٰ دیدیںاور مسجد میں جاکر اللہ اللہ کریں کراچی کو چلانے کے دماغ کی ضرورت ہے اب کسی نوجوان کو لانے کی ضرورت ہے ۔ہم اللہ کی آس پر گھر سے نکلتے ہیں کوئی پتہ نہیںہوتا کہ واپس جاسکیں گے کہ نہیں۔
Load Next Story