یاسر پر چھائے نحوست کے سائے نہ چھٹ پائے

ڈوپنگ ٹیسٹ سے نجات کے بعد فٹنس مسائل میں پھنس گئے۔

ڈوپنگ ٹیسٹ سے نجات کے بعد فٹنس مسائل میں پھنس گئے۔ فوٹو: فائل

یاسر شاہ پر چھائے نحوست کے سائے نہ چھٹ پائے، ڈوپنگ ٹیسٹ سے نجات کے بعد فٹنس مسائل میں پھنس گئے، لیگ اسپنر گھٹنے میں تکلیف کے سبب کاکول اکیڈمی میں رپورٹ نہ کرسکے، پی سی بی نے انجری کے جائزے اور علاج کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق دورئہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ ہفتے کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شروع ہوگیا، اس کیلیے مجموعی طور پر 35کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم اور ذوالفقار بابر انجرڈ ہونے کی وجہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے محروم رہے، بعد ازاں انھیں ایبٹ آباد میں دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرنے کے بجائے مکمل صحتیابی کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی پروگرام کا حصہ بننے کی ہدایت دی گئی تھی، مشکوک فٹنس کے حامل کھلاڑیوں میں ٹیسٹ کپتان مصباح الحق بھی شامل ہیں۔

بخار کی وجہ سے این سی اے میں ٹیسٹ نہ دے پانے والے سینئر کرکٹر یہ مرحلہ اب کاکول اکیڈمی میں ہی مکمل کرینگے، دوسری جانب کیمپ کے آغاز سے قبل ہی پاکستان کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا، لیگ اسپنر یاسر شاہ گھٹنے کی انجری کے سبب دیگر کھلاڑیوں کو جوائن نہیں کرسکے، پی سی بی نے انھیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی تاکہ ڈاکٹرز انجری کی نوعیت کا جائزہ لے سکیں۔ یاد رہے کہ یاسر شاہ نے یواے ای کے میدانوں پر راج کرتے ہوئے وکٹوں کے انبار لگائے لیکن گذشتہ سال 13نومبر کو سیمپل میں ان پر ڈوپنگ کا الزام ثابت ہوگیا تھا، بعد ازاں ان کا غلط فہمی سے ممنوعہ دوا استعمال کرنے کا موقف تسلیم کرتے ہوئے صرف 3ماہ پابندی کی سزا دی گئی، اسکی وجہ سے لیگ اسپنر پاکستان سپر لیگ، ایشیا کپ اورورلڈ ٹوئنٹی 20میں شرکت نہیں کرسکے۔


فیصل آباد میں ڈومیسٹک ون ڈے ایونٹ پاکستان کپ میں ان کی فٹنس اور کارکردگی دونوں اطمینان بخش نظر نہیں آئی، این سی اے کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد نے انھیں دورئہ انگلینڈ میں کم بیک سے قبل وزن میں کمی کیلیے روٹی اور چاول چھوڑنے کا مشورہ دیا، حال ہی میں لاہور میں مکمل ہونیوالے فٹنس ٹیسٹ میں شرکت نہ کرنے کے باوجود یاسر کوکاکول اکیڈمی میں دیگر30پلیئرز کے ساتھ مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ گھٹنے کی تکلیف کے سبب رپورٹ نہیں کرسکے، میزبان انگلش ٹیم کیخلاف سیریز میں اہم مہرہ سمجھے جانے والے یاسر کے مسائل ختم نہ ہوئے تو مشکل ٹور میں پاکستان کی مہم مزید کمزور پڑنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب کاکول بوٹ کیمپ کے پہلے روز صبح کے سیشن کا آغاز فوجی انسٹرکٹرز کی بریفنگ سے ہوا، پی سی بی کے ٹرینرز گرانٹ لیوڈن، معاون اسٹاف اور کھلاڑیوں کو 15روزہ سرگرمیوں کے پلان اور طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا، بعد ازاں 12بجے تک رننگ اور فٹنس ڈرلز کرائی گئیں، شام کو دوسرے سیشن میں بھی کرکٹرز نے فٹبال میچ کیساتھ اسٹیمنا بڑھانے والی مشقوں میں خوب پسینہ بہایا، دریں اثنا اے اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا کیمپ لاہور میں شروع ہوگا، ذرائع کے مطابق انضمام الحق کی سربراہی میں قائم نئی سلیکشن کمیٹی دونوں میں پلیئرز کی کارکردگی اور فٹنس کا جائزہ لے گی۔

سابق کپتان اور دیگر سلیکٹرز توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی، وسیم حیدر اگلے ہفتے لاہور میں اکٹھے ہونے کے بعد طے کرلینگے کہ ان میں سے سینئرز اور اے ٹیم کی کرکٹرز کی کارکردگی کون مانیٹرکریگا۔ توصیف کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی سوچ اور پلان پاکستان کرکٹ پر گہرے اثرات مرتب کریگا، اہم دورئہ انگلینڈ کے ساتھ سلیکٹرز اپنی ذمہ داریوں کا مثبت انداز میں آغاز چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ کاکول میں فٹنس کیمپ 28 مئی تک جاری رہے گا چند روز بعد قومی ٹیم طویل دورے کیلیے انگلینڈ روانہ ہو جائیگی جہاں 4 ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور ایک ٹی20 میچ کھیلے جائینگے۔
Load Next Story