ریٹائرڈ ملازمین کے ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ

حکومت اور نادرا میں معاہدہ آئندہ ماہ ہوگا، فارم بھی تیارکرلیا گیا ہے جس میں ریٹائرڈ ملازمین کےکوائف درج ہوں گے،ذرائع.

پنشن اسمارٹ کارڈز جاری ہونگے، پہلے مرحلے میں 1980 سے 2012تک کے ملازمین کے کوائف کمپیوٹرائزڈ ہوں گے. فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے5لاکھ سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کے ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ان ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اسمارٹ کارڈز جاری کیے جائیں گے،ان کارڈز کے اجرا کیلیے حکومت سندھ اور نادرا کے درمیان معاہدہ آئندہ ماہ ہوگا، ذرائع کے مطابق محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کوآرڈینیشن نے ریٹائرڈ ملازمین کے ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے تمام صوبائی محکموں اور ضلعی حکومتوں کے ماتحت اداروں کی اتھارٹیزکو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر اپنے اپنے محکموں کے ریٹائرڈ ملازمین کے کوائف کا مکمل ریکارڈ ایک ماہ میں مرتب کرکے محکمہ سروسز کو ارسال کیا جائے۔


ذرائع کے مطابق ان ریٹائرڈ ملازمین کے کوائف کے لیے ایک فارم تیار کیا گیا ہے، اس فارم میں ملازمین کواپنے ذاتی اور ملازمت کے کوائف درج کرنے ہوںگے، اگر کسی ریٹائرڈ ملازم کا انتقال ہو گیا ہے تواس کی پنشن وصول کر نے والے فردکے مکمل کوائف بھی اس فارم میں درج کیے جائیں گے،مذکورہ ریٹائرڈ ملازم یا پنشن و صول کر نے والے فرد کو فارم کے ساتھ اپنی 2عدد تصاویر، کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ، پنشن بینک اکائونٹ کی تفصیلات، سروس بک اور پنشن بک کی فوٹو کاپی بھی منسلک کرنی ہوگی،اس فا رم کومتعلقہ محکمے کا سربراہ یا مجاز اتھارٹی تصدیق کریگا۔

متعلقہ محکمے اپنے ریٹائر ڈ ملا زمین کا مینول اور کمپیوٹرائزڈریکارڈ محکمہ سروسز کو فراہم کر یں گے،محکمہ سروسز یہ تمام کوائف نادرا کے حوالے کرے گا جس کے بعد ان ریٹائرڈ ملازمین کونادرا پنشن اسمارٹ کارڈز جاری کرے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نادرا کے اشتراک سے تین مرحلوںمیں ریٹائرڈ ملازمین کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرے گی، پہلے مرحلے میں 1980 سے 2012 تک ، دوسرے مرحلے میں 1969 سے 1979 تک جبکہ آخری مرحلے میں 1947 سے 1968 تک کے ملازمین کے کوائف کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔

اس پروگرام کا آغاز پہلے مرحلے میں کراچی ، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور میرپور خاص میں کیا جائے گا، ایک اسمارٹ کارڈ پر250روپے کی لاگت آئے گی،لاگت کے اخراجات کیلیے150روپے حکومت سندھ اور100روپے ریٹائرڈ ملازم کی پنشن سے وصول کیے جائیں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کو یہ اطلاعات موصول ہوئیں ہیں کہ ریٹائرڈملازمین کے پنشن میں بڑے پیمانہ پر جعلسازی کی گئی ہے اور بعض ایسے ملازم بھی ہیں جن کے انتقال کے بعد ان کی اہلیہ یا اہل فرد کا بھی انتقال ہوگیا ہے لیکن مبینہ طور پر جعلسازی کے ذریعے ان کی پنشن وصول کی جارہی ہے۔
Load Next Story