یاسر شاہ کو بحالی کے لیے ایک ماہ کا وقت درکار

لیگ اسپنر کاکول اکیڈمی کیمپ میں شرکت سے محروم ، انگلینڈ سے سیریز کھیلنے کا امکان

لیگ اسپنر کاکول اکیڈمی کیمپ میں شرکت سے محروم ، انگلینڈ سے سیریز کھیلنے کا امکان فوٹو: فائل

یاسر شاہ کو فٹنس کی بحالی کیلیے ایک ماہ کا وقت درکار ہوگا، لیگ اسپنر کاکول اکیڈمی کیمپ میں شرکت سے محروم رہیں گے، بعد ازاں ہیمپشائر میں شیڈول مشقوں میں شمولیت بھی دشوار نظر آنے لگی۔

تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ گھٹنے کی انجری کے باعث کاکول میں جاری فٹنس کیمپ میں رپورٹ نہیں کرسکے تھے، مسائل کا جائزہ لینے کیلیے انھیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی بلا لیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ اسپنر بائیں گھٹنے کی پرانی انجری کا شکار ہوئے ہیں جس کے لیے انھیں 4 ہفتوں کے لیے بحالی کے عمل سے گزرنا پڑ سکتا ہے، اس کی وجہ سے وہ کاکول اکیڈمی کیمپ میں شرکت سے محروم رہیں گے۔


انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل مکمل فٹ ہوجانے کا امکان موجود ہے لیکن اس سے قبل ہیمپشائر میں شیڈول کنڈیشننگ کیمپ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ یاد رہے کہ یاسر شاہ گذشتہ سال نومبر میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی انجری کا شکار ہوئے تھے، اس سے قبل ٹیسٹ سیریز سے پہلے پریکٹس سیشن میں ریڑھ کی ہڈی میں درد ہونے کے باعث ایک میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

دسمبر میں ڈوپنگ کیس کی وجہ سے 3 ماہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہے، گھٹنے کی انجری کو نظر انداز کرتے ہوئے انھوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسپنرز کیمپ میں حصہ لیا، فیصل آباد میں پاکستان کپ ٹورنامنٹ کے دوران مسائل میں مزید اضافہ ہوا، رواں سال ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پاکستان آمد کے بعد دورئہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان جون کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، تاہم لیگ اسپنر کی شمولیت کا فیصلہ فٹنس کی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے۔ یاسر شاہ ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں، انھوں نے صرف 12 میچوں میں 76 شکار کیے ہیں جس میں سے 49 صرف گذشتہ سال میں تھے۔

Load Next Story