کک ماضی کا زخم فتح کے مرہم سے بھرنے کو تیار

انگلش کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبورکرنے کے منتظر

2برس قبل ہیڈنگلے میں سری لنکا نے انگلش ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا ۔ فوٹو : فائل

انگلش ٹیسٹ کپتان الیسٹرکک فتح کے مرہم سے ماضی کے زخم بھرنے کے خواہاں ہیں، جس گراؤنڈ پر سری لنکا سے گہری چوٹ کھائی وہیں پر نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پرامید ہیں، ان کا کہنا ہے کہ 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کا بے چینی سے انتظار ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف انگلینڈ ہوم ٹیسٹ سیریز کا آغاز جمعرات سے لیڈز کے ہیڈنگلے اسٹیڈیم میں کررہا ہے، یہ وہ وینیو ہے جہاں پر دو برس قبل سری لنکا نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں سیکنڈلاسٹ بال پر آخری میزبان کھلاڑی جیمز اینڈرسن کو آؤٹ کرکے فتح سمیٹی اور انگلینڈ میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔


اس ناکامی کے بعد الیسٹر کک اتنے دل گرفتہ ہوئے تھے کہ انھوں نے قیادت ہی چھوڑنے پر غور شروع کردیا تھا، تب ان کی حکمت عملی پر سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید اعتراضات بھی سامنے آئے تھے جن میں آسٹریلیا کے سابق اسپنر شین وارن پیش پیش تھے تاہم ان کی بیگم ایلس نے انھیں یہ انتہائی قدم اٹھانے سے باز رکھا، بعد میں کک کی پرفارمنس بہتر ہوئی اور اب دو برس گزرنے کے بعد ایک بار پھر ان کا سامنے سری لنکا سے ہورہا ہے۔

پہلا میچ ہیڈنگلے میں ہی ہوگامگر اس بارکک کی توجہ ٹیم کو کامیابی دلانے کے ساتھ اپنے ذاتی ریکارڈ پر بھی مرکوز ہے، انھیں 10 ہزار ٹیسٹ رنز اسکور کرنے والے انگلینڈ کے پہلے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے کی خاطر مزید 36 رنز درکار ہیں، وہ جہاں ایک طرف آئی لینڈرز پر فتح سے اپنے پرانے زخم بھرنا چاہتے ہیں وہیں 10 ہزار رنز کے خصوصی کلب کو بھی جوائن کرنے کیلیے بے چین ہیں۔

کک کہتے کہ اسی وینیو پر جس پر مجھے زبردست صدمہ پہنچا اور اسی ٹیم کے خلاف جس نے یہ صدمہ پہنچایا، 10 ہزار رنز کے سنگ میل پر پہنچنا کافی خاص ہوگا، کسی سنگ میل پر پہنچنے میں نصیب کا بھی عمل دخل ہوتا ہے جب آپ 4 ہزار رنز بناتے پھر 5 ہزار اور بعد میں 6 ہزار پر نگاہیں لگ جاتی ہیں جب آپ وہ عبور کرلیتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ اتنا خاص نہیں تھا لیکن 10 ہزار کا سنگ میل ہمیشہ ہی اہم رہا ہے، میں اب مزید 36 رنز بناکر وہاں تک پہنچنے کیلیے بیتاب ہوں۔
Load Next Story