توانائی کی بچت وقت کا تقاضا

امریکی حکومت پاکستان میں توانائی کی بچت کے اقدامات متعارف...

گیل سپنس نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی بچت کے اقدامات متعارف کرانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

یو ایس ایڈ پنجاب کی قائم مقام ڈائریکٹر گیل سپنس نے پاور سیکٹر کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو لیسکو کے اشتراک سے پانچ دن کی پلاننگ و انجینئرنگ ٹریننگ کے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ شرکا سے خطاب میں گیل سپنس نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری لانے میں مدد کرنے کے علاوہ امریکی حکومت کئی بجلی گھروں کی تجدید اور مختلف پلانٹس کی تکمیل اور پاکستان میں توانائی کی بچت کے اقدامات متعارف کرانے میں مدد فراہم کر رہی ہے' باہمی طور پر اس سے قومی گرڈ میں 2013ء تک بجلی کی پیداواری صلاحیت میں ایک ہزار میگاواٹ تک کی بحالی یا اضافہ کر سکتے ہیں۔

اس ٹریننگ کا اہتمام بلاشبہ ایک احسن اقدام ہے' ان اقدامات کے نتیجے میں اگر اگلے سال ہمارے ملک کے قومی گرڈ میں ایک ہزار میگاواٹ کا اضافہ ہو گیا تو یہ یقیناً ایک بڑی کامیابی اور اہم پیش رفت ہو گی' اس سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی واقع ہو گی بلکہ مختلف شعبوں اور حتمی طور پر ملکی معیشت پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ہم گیل سپنس کی اس بات سے سو فیصد متفق ہیں کہ توانائی کی پیداوار بڑھانے کے اقدامات تو ہونے ہی چاہئیں لیکن اگر اس کے ساتھ ساتھ توانائی کے دستیاب وسائل کی بچت کا اہتمام بھی کر لیا جائے تو اس بحران پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔


اس وقت صورتحال یہ ہے شدید ترین گرمی کے باوجود اور رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہو جانے کے باوصف نہ صرف لوڈ شیڈنگ جاری بلکہ کئی علاقوں میں گیس کی دستیابی کی صورتحال بھی اطمینان بخش نہیں رہی۔ پھر یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم جو قدرتی گیس زمین سے نکالتے ہیں اور تمام وسیلوں سے جو بجلی پیدا کرتے ہیں اس کا تقریباً ایک چوتھائی ضایع ہو جاتا ہے چنانچہ اگر ان لائن لاسز پر قابو پا لیا جائے' توانائی کے ذرایع کا غیرضروری استعمال روک دیا جائے اور ان ذرایع کی پیداوار میں کچھ اضافہ کر لیا جائے تو جاری بحران پر قابو پانا چنداں مشکل نہیں رہے گا' اس سلسلے میں کچھ کیا جانا چاہیے۔

امید کی جاتی ہے کہ بجلی کی تقسیم کی ذمے دار کمپنیوں کے جن شرکا نے لیسکو کے اشتراک سے جو پلاننگ و انجینئرنگ ٹریننگ حاصل کی ہے وہ بجلی کی بچت کے سلسلے میں اس کو بروئے کار لائیں گے یوں ہم ملک اور قوم کو لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ ہمارے خیال میں محض بجلی یا گیس ہی نہیں توانائی کے تمام ذرایع کی بچت وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کہ اس میں ہم سب کا اجتماعی اور انفرادی دونوں طرح کا بھلا' فائدہ اور بہتری ہے۔
Load Next Story