ایکسپو سینٹر کے داخلی راستوں پر اسکینر نصب کیے جائینگے

خصوصی سیکیورٹی روم تعمیر ہوگا، دہشت گردی کے واقعات کے سبب وزارت تجارت نے ایکسپو سینٹر کی سیکیورٹی سخت کردی.

ایکسپو سینٹر میں سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں اسکیننگ روم کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کے سبب وزارت تجارت نے ایکسپو سینٹر کی سیکیورٹی مزید سخت کردی۔

ایکسپو سینٹر کے داخلی راستوں پر جدید اسکینر نصب کیے جارہے ہیں جس کے لیے مرکزی داخلی دروازے پر خصوصی سیکیورٹی روم تعمیر کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹر میں ملکی و غیرملکی اہم تجارتی نمائشوں کے ساتھ مختلف تعلیمی اداروں اور میڈیا کے پروگرام منعقد ہورہے ہیں، ایکسپو سینٹر کراچی میں اہم تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہے، شہر میں سیکیورٹی خدشات کے ساتھ ایکسپو سینٹر کی سیکیورٹی بھی مزید موثر کرنے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی بالخصوص غیرملکی سفارتخانوں کے تحت ہونے والی نمائشوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد کے سلسلے میں سیکیورٹی کو موجودہ خدشات کے مطابق فول پروف بنانے پر زور دیا جارہا تھا۔


ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور کسی بھی دھماکا خیز مواد اسلحہ کی ایکسپو سینٹر میں داخلے کے وقت نشاندہی یقینی بنانے کے لیے 3جدید اسکینر نصب کیے جارہے ہیں جن میں سے ایک اسکینر یونیورسٹی روڈ کے داخلی راستے، ایک اسکینر اسٹیڈیم روڈ کے داخلی دروازے اور ایک اسکینر نمائش گاہ میں ریسپیشن لابی میں داخلی دروازے پر نصب کیا جائے گا اس سے قبل اہم تجارتی نمائشوں کے موقع پر جدید اسکینر کرائے پر لیے جاتے تھے جس سے ایکسپو سینٹر کے منتظمین کے اخراجات میں اضافے کا سامنا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ جدید اسکینرز کے ساتھ نئے سیکیورٹی واک تھرو گیٹ بھی حاصل کرلیے گئے ہیں جو ایکسپو سینٹر میں نمائش کے دوران نصب کیے جائیں گے، سیکیورٹی واک تھرو گیٹ کی تعداد بڑھ کر 10ہوگئی ہے جو نمائش کے دوران آمدورفت کے اہم راستوں پر نصب کیے جائیں گے، واضح رہے کہ کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کے سبب آئندہ ماہ ہونے والی دو اہم تجارتی نمائشیں ملتوی کردی گئی ہیں جن میں متحدہ عرب امارات کی فلیگ شپ نمائش میگنی فیشنٹ سیون اور بھارت کی سنگل کنٹری نمائش شامل ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story