اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس 26 نومبر تک ملتوی

پیرکو اجلاس کی صدارت وزیر اعظم کرینگے،12 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیاجائے گا۔

پٹرولیم نرخ میکنزم، 20 ہزار ٹن چینی ایکسپورٹ، اشیائے ضروریہ کے ذخائر ودیگر امور شامل۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) پیر26 نومبر کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نئے میکنزم اور 20 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دینے سمیت 12 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے گی۔

ای سی سی کا اجلاس وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو 11 بجے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی صدارت میں منعقد ہونا تھا جو اب ملتوی کردیا گیا ہے اور اب یہ اجلاس آئندہ ہفتے منعقد ہوگا اور اس اجلاس کی صدارت وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سویٹ بس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کو درآمدی سطح پر جنرل سیلز ٹیکس سے چھوٹ دینے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نئے نظام کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔


ای سی سی کو بھجوائی جانے والی سمری کے تحت ہفتہ وار، پندرہ روز بعد اور ماہانہ بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کے میکنزم کا موازنہ اور اس کے بعد سپریم کورٹ کے احکام کی روشنی میں نئے میکنزم کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، اسکے علاوہ اجلاس میں نیشنل شپنگ لائن کو سرکاری تحفظ فراہم کرنے کی سمری کی منظوری دینے پر بھی غور کیا جائیگا جبکہ ملکی اقتصادی صورتحال اور اقتصادی اشاریے، اشیائے ضروریہ کے دستیاب ذخائر اورقیمتوں کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔

علاوہ ازیں اجلاس میں 20 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دینے کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا، یہ چینی ای سی سی کے 3 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں 2 لاکھ ٹن ایکسپورٹ کی اجازتکے فیصلے کے تحت برآمد کی جائے گی۔
Load Next Story