انڈیا ٹریڈ فیئر میں پاکستانی نمائش کنندگان کیساتھ امتیازی سلوک

پاکستانی پویلین کو مناسب جگہ نہیں دی گئی، 5 لاکھ ڈالر کے عوض گودام نما علاقہ ملا، بجلی دستیاب نہ تشہیر کی گئی۔

ٹیکسٹائل کے اسٹالز پر پروسیسنگ فوڈ کا بینر، تجارتی میلہ انڈین پراڈکٹس متعارف کرانے کیلیے ہے، بھارتی اہلکار فوٹو: فائل

انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میںشریک پاکستانی نمائش کنندگان اور تاجروںوصنعت کاروں نے کہا ہے کہ انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) حکام نے معاہدے کے تحت پاکستان پویلین کو مناسب جگہ فراہم نہیں کی جس کی وجہ سے پاکستان کے بیشتراسٹال ہولڈرز کونمایاں ہونے کا موقع نہیں مل رہا۔

واضح رہے کہ نئی دہلی میں آئی آئی ٹی فیئر کا آغاز14 نومبر کو ہوا تھا اور یہ تجارتی میلہ 27 نومبر تک جاری رہے گا جس میں 188 کمپنیوں کے اسٹالزکے ساتھ پاکستان سرفہرست غیرملکی شرکت کنندہ ملک ہے لیکن آئی ٹی پی او کی جانب سے اس اہمیت کو یکسر نظرانداز کیا گیا۔ پاکستانی نمائش کنندگان نے انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن حکام کے عدم تعاون کی شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ٹی پی او کے حکام کی جانب سے معاہدے کے مطابق مطلوبہ جگہ کی عدم فراہمی کی وجہ سے پاکستان کو نمائش میں ایک ہی جگہ اسٹالزلگانا مشکل ہوگیا کیونکہ حکام کے عدم تعاون کی وجہ سے پاکستانی نمائش کنندگان ایک مخصوص جگہ پر اسٹالز لگانے کے بجائے مختلف ہالز میں پھیل گئے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ پاکستانی پویلین میں مطلوبہ سہولتیں بھی فراہم نہیں کی گئیں حالانکہ ایف پی سی سی آئی نے پرگتی میدان میں اسٹالز لگانے کی جگہ کے عوض5 لاکھ ڈالر ادا کر کے بکنگ حاصل کی تھی لیکن ہالز کے بجائے گودام کی طرح لگنے والی جگہوں پر پاکستانی اسٹالز کو منتقل کردیا گیا جہاں بجلی دستیاب نہیں ہے اور نہ ہی روشنی کا مناسب انتظام ہے جبکہ پاکستان پویلین سے متعلق بھی مناسب تشہیر نہیں کی گئی اور ٹیکسٹائل کے اسٹالز پر پروسیسنگ فوڈ کا بینر آویزاں کردیا گیا ہے۔

پاکستانی صنعت کاروں اور تاجروں کی دلچسپی دیکھتے ہوئے اپریل میں مزید جگہ کی درخواست کی گئی تھی لیکن آئی ٹی پی او حکام نے اضافی جگہ دینے سے انکار کردیا۔ اس حوالے سے انڈیا ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن کے ایک اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط بتایا کہ انڈیاانٹرنیشنل ٹریڈ فیئر بھارتی مصنوعات کو متعارف کرانے کیلیے ہے، حکومتی سطح پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو بھی اس نمائش میں شمولیت کی اجازت ہوگی مگر جس حد تک حکومت نے کہا پاکستان کو اسی حد تک سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، اس حوالے سے پاکستانی وفد کی بعض شکایت جائز ہیں جن کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ پرگتی میدان 16ہزار ایکڑرقبے پر پھیلی بڑی نمائش گاہ ہے۔
Load Next Story