پنجگور میں مسافر کوچ کا المناک حادثہ

ملک میں تیز رفتاری اور دیگر وجوہات کے باعث ٹریفک حادثات کی تعداد بڑھتی جارہی ہے

راست ہوگا کہ ٹریفک حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لیے موثر کوششیں کی جائیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جاسکے۔فوٹو؛فائل

لاہور:
پنجگور کے علاقے ناگ میں باراتیوں سے بھری مسافر کوچ الٹنے سے 8 افراد جاں بحق جب کہ 38 زخمی ہوگئے۔ بدقسمت کوچ کراچی سے پنجگور جارہی تھی کہ ایک خطرناک موڑ پر تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ آٹھوں مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جن میں دلہا سمیت 3 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنھوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے تعاون سے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس کو حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ بدقسمت بس کے مسافروں کا کہنا ہے کہ انھوں نے ڈرائیور کو تیز رفتاری سے کئی بار منع کیا لیکن وہ باز نہ آیا جس کے باعث حادثہ ہوا۔ ملک میں تیز رفتاری اور دیگر وجوہات کے باعث ٹریفک حادثات کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، خاص طور پر نیشنل اور سپر ہائی ویز پر تیز رفتار مسافر اور پرائیوٹ گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضایع ہوچکی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ روڈ سیفٹی ایکٹ کو فعال کیا جائے نیز ڈرائیور حضرات کو تیز رفتاری سے گریز اور مخصوص رفتار پر گاڑی چلانے کا پابند کرنے کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں۔


اکثر ٹریفک حادثات کے پیچھے تیز رفتاری اور ڈرائیوروں کی غفلت و لاپرواہی کارفرما ہوتی ہے۔ دیکھا یہ گیا ہے کہ ڈرائیوروں کی لاپروائی کے باعث ہونے والے خطرناک حادثات کے باوجود قرار واقعی سزا نہیں دی جاتی، اکثر حادثات کے ذمے دار ڈرائیورز جلد رہا ہوجاتے ہیں جس سے دوسروں کو بھی تحریک ملتی ہے۔

راست ہوگا کہ سخت قوانین کے ساتھ سزاؤں پر بھی عملدرآمد کیا جائے نیز ڈرائیوروں کی اخلاقی تربیت کی بھی ضرورت ہے۔ سال رواں کئی حادثات محض تیز رفتاری کے باعث پیش آئے جن میں کئی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ مناسب ہوگا کہ ڈرائیوروں کی ٹریننگ اور اخلاقی ضابطوں سے روشناس کرانے کے لیے سیمینار اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے۔ شنید ہے کہ ٹریفک حادثات میں مرنے والوں کی تعداد دیگر حادثات سے کہیں زیادہ ہے، راست ہوگا کہ ٹریفک حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لیے موثر کوششیں کی جائیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جاسکے۔
Load Next Story