مذہبی انتہا پسند ملکی ترقی و امن کے دشمن ہیں معراج محمد خان

تمام مذاہب کےلوگ اکھٹے رہنا چاہتےہیں،مذہبی تنظیمیںجانتی ہیں کہ وہ الیکشن میںکامیاب نہیںہوسکتی اسی لیےسازشیں کررہی ہیں.

الیکشن میں ملاپارٹیوں کو معلوم ہو جائے گا کہ ان کی کیا حیثیت ہے،اقبال حیدرکی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے کشور زہرہ اورعلیزہ کاخطاب۔ فوٹو : ایکسپریس

تحریک برائے امن ومذہبی رواداری کے سربراہ اور ممتاز سیاستدان معراج محمد خان نے کہا ہے کہ مذہبی انتہا پسند ملک اور قوم کی ترقی و امن کے دشمن ہیں۔

مذہبی انتہا پسندی پاکستان میںتیزی سے پھیل رہی ہے اگر اس پر فوری قابو نہ پایا گیا تو ملک وقوم کو شدیدنقصان پہنچے گا حکومت اس پر قابو پانے کیلیے اقدامات کرے ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ایم اے ہائوس کراچی میں سیکولرپاکستان فورم کے زیر اہتمام اقبال حیدر ایڈووکیٹ مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انھوں نے کہا کہ مذہبی تنظیمیںاچھی طرح جا نتی ہیں کہ وہ الیکشن میں کامیاب نہیں ہوسکتی اس لیے وہ ملک کے حالات خراب کررہی ہیں اور فرقہ وارانہ سازشیں کررہی ہیں ورنہ تمام مذاہب کے لوگ اکھٹے رہنا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام سیکولر ہیں، قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کا قیام عمل میں آنے کے بعد کہا تھا کہ فرقہ واریت ہمارا مسئلہ نہیں جس کا جوعقیدہ ہے وہ اس کے مطابق عمل کرے۔


انھوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں ملاپارٹیوں کو یہ معلوم ہوجائے گا کہ ان کی کیا حیثیت ہے، مرحوم اقبال حیدر نے مذہبی ہم آہنگی کے لیے جو کام کیے وہ قابل تحسین ہیں ، انتقال سے چند روز قبل بھی انھیں یہ دکھ ستا رہا تھا پاکستان میں مذہبی جنگ چھڑگئی ہے جس پر میں نے انھیں یہ یقین دلایا تھا کے ہم اس کا مل کر مقابلہ کرینگے،ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ کا کہنا تھا کہ اقبال حیدر نے اپنی زندگی کو اصولوں کی جنگ میں قربا ن کردیا وہ انتہائی دیانتدار انسان تھے، انھوں نے پاکستان اور ہندوستان دوستی کیلیے اہم کردار ادا کیا ہے لوگوں کو برابر کے حقوق دلانا چاہتے تھے ،فرقہ واریت عدم برداشت اور مذہبی جنون کے خلاف تحریک چلانا چاہتے تھے ان کے جانے سے یہ مشن رک نہیں سکتا وہ اکثر کہتے تھے پاکستان میںجو کچھ بھی ہورہا ہے اچھا نہیں ہورہا ۔

آخری دنوں انھوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ اس ملک میں ا گر دہشت گردی کے خلاف کوئی پارٹی کام کررہی ہے تو وہ صرف متحدہ قومی موومنٹ ہے اور وہ اس با ت سے خوش بھی تھے ،اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اقبال حیدر مرحوم کی صاحبزادی علیزہ حیدر نے کہا کہ میرے والد کی ملک کے لیے جو خدمات ہیں انھیں فراموش نہیں کیا جا سکتا مجھے امید ہے قوم انھیں نہیں بھولے گی، تقریب سے حماد حیدر، بی ایم کٹی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story