بھارتی تجارتی وفود کے دورے ویزا مسائل کی نذر ہونے کا خدشہ

وفود 30 نومبر اور 21 دسمبر کو منعقدہ تجارتی نمائشوں میں شرکت کے خواہش مند ہیں

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال نمائش کے بھارتی شراکت داروں کو ویزوں کا تصدیق نامہ جاری نہیں کیا گیا. فوٹو: فائل

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ویزا درخواستوں کی عدم تصدیق کے باعث تجارتی وفد اورپاکستان کی دو نمائشوں میں شرکت کے خواہش مند بھارتی تاجروں کی آمد مشکوک ہوگئی ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ پاکستان میں ''ان ٹیکسپو'' نمائش سینتھیٹک اینڈ ریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل آف انڈیا کے اشتراک سے 30 نومبر 2012 سے کراچی میں منعقد ہورہی ہے جو یکم دسمبر تک جاری رہے گی لیکن نمائش کے انعقاد میں صرف 9 یوم باقی رہ گئے ہیں لیکن وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال نمائش کے بھارتی شراکت داروں کو ویزوں کا تصدیق نامہ جاری نہیں کیا گیا، اسی طرح کراچی ایکسپو سینٹر میں فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹ آرگنائزیشن ''ایف آئی ای او'' کے تحت تین روزہ انڈیا ایکسپو 21 دسمبر 2012 کو منعقد ہورہی ہے لیکن اس نمائش کے بھارتی منتظم اورنمائش کنندگان کے ویزوں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کا بھی ایک اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد 11 دسمبر2012 سے کراچی کا دورہ کرنے کا خواہشمند ہے لیکن وزارت داخلہ کی جانب سے بھارت کے اس اہم تجارتی وفدکے ویزوں کی بھی تصدیق نہیں کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ہارون اگر کی جانب سے وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری تھری کو اس ضمن میں خط بھی ارسال کیا گیا ہے جس میں انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ کراچی چیمبر کی جانب سے یاددہانی کے متعدد خطوط ارسال کیے جانے کے باوجود وزارت داخلہ کی جانب سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے حالانکہ پاکستان آنے کے خواہشمند بھارتی تاجروں کی متعلقہ دستاویزات کی نقول بھی وزارت کو ارسال کی گئی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی تاجرپاکستان میں منعقد ہونے والی دو مختلف نمائشوں میں شرکت کرنا چاہتے ہیں اور ایک تجارتی وفد پاکستان آکر بزنس ٹو بزنس میٹنگ کرکے باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ وزارت داخلہ کے متعلقہ حکام سینتھیٹک اینڈ ریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل آف انڈیا، فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹ آرگنائزیشنز اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے متعلقہ مندوبین کو رائج ویزا پالیسی اور مطلوبہ شرائط کے تحت ویزوں کا تصدیق نامہ جاری کریں اور انہیں پولیس رپورٹنگ سے بھی مستثنیٰ قراردیا جائے تاکہ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے انہیں بروقت ویزوں کا اجرا ممکن ہو سکے۔
Load Next Story