ناقص بیج پیازکے برآمدی آرڈرز منسوخ لاکھوں ڈالر نقصان

مقامی مارکیٹ میں پیاز کی قیمت 20 تا 25 روپے سے گھٹ کر 10 تا 15 روپے کلو ہوگئی۔

محکمہ زراعت ہزاری بیج کااستعمال روکے، پھلکارا بیج کو فروغ دیاجائے، شاہ جہاں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

محکمہ زراعت کی عدم دلچسپی اور ناقص بیج کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث سندھ میں پیاز کی نئی فصل کے برآمدی آرڈرزکی منسوخ ہونا شروع ہوگئے جس سے پیاز کے برآمدکنندگان کو لاکھوں ڈالر مالیت کے نقصانات پہنچنے کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔

برآمدی آرڈرز منسوخ ہونے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی فی کلوگرام پیاز کی قیمت 20 تا 25 روپے سے گھٹ کر10 تا 15 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔ برآمدی شعبے کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ملائیشیا، سنگاپور، دبئی، ابوظہبی اور کولمبو کے خریداروں کی جانب سے ہزاروں ٹن پیاز کے برآمدی آرڈرز موصول ہوئے ہیں اور گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پاکستان سے ان ممالک کوسندھ کی نئی فصل کی 25 ہزار ٹن پیاز برآمد کی گئی لیکن وہاں پہنچتے ہی پیاز میں نقص سامنے آنے کے بعد ان ممالک کے خریداروں نے اپنے برآمدی آرڈرز منسوخ کرنا شروع کردیے ہیں۔


اس ضمن میں انجمن فلاح ہول سیل ویجیٹیبل مارکیٹ کے صدر اور پیاز کے ایک سرفہرست برآمدکنندہ شاہ جہاں نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ سندھ میں پیاز کی نئی فصل میں خرابی کی بنیادی وجہ ''ہزاری'' نامی بیج کا بڑھتا ہوااستعمال ہے جس کا نقص یہ ہے کہ 10 روز بعد اس سے پیدا ہونے والی پیاز پھوٹنا شروع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے کچھ ہی دنوں بعدیہ پیازپودے کی صورت اختیار کر لیتی ہے، پاکستان سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران برآمد ہونے والی پیاز کی بھی یہی صورتحال رہی ہے جو پیاز کے دیگر برآمدی آرڈرز کی منسوخی کا باعث بن گئی ہے۔

شاہ جہاں نے بتایا کہ ان منفی عوامل کے سبب ''ہزاری بیج'' سے پیازکی پیداوار ناپسندیدہ بنتی جارہی ہے لیکن اسکے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے کیلیے محکمہ زراعت کے متعلقہ محکموں کو اپنی پیشہ وارانہ ذمے داریاں نبھانا پڑے گی، سندھ کے زمینداروں کو آگاہ کرنا پڑے گا کہ وہ قومی مفاد میں ہزاری بیج کی کاشتکاری سے باز رہیں کیونکہ ہزاری بیج سے پیدا ہونے والی پیاز کا اگرچہ مقامی سطح پراستعمال ممکن ہے لیکن برآمدات کیلیے یہ پیاز ناقص تصور کی جاتی ہے، محکمہ زراعت کے متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ ملکی برآمدات کے فروغ کے لیے زمینداروں کو ''پھلکارا بیج'' کی کاشتکاری پر زوردیں کیونکہ پھلکارابیج سے پیدا ہونے والی پیازنہ صرف اپنی کوالٹی اور رنگت کے اعتبار سے بیرونی منڈیوں میں ایک بہترین پیاز تصور کی جاتی ہے بلکہ اس پیاز کا ذائقہ بھی دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔
Load Next Story