کینگروز کے شکار کیلیے پروٹیز اسپن ہتھیار آزمائیں گے

عمران پلیئنگ الیون میں شامل، آسٹریلیا نے ادھوری فٹنس کے حامل واٹسن کاانتخاب نہ کیا۔

ایڈیلیڈ: نیت پریکٹس کے دوران آسٹریلوی بیٹسمین رکی پونٹنگ دفاعی شاٹ کھیل رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعرات سے ایڈیلیڈ اوول میں شروع ہورہا ہے۔ پروٹیز کینگروز کے شکار کیلیے اسپن ہتھیار آزمائیں گے۔

برسبین میں بولرز کی درگت بننے کے بعد عمران طاہر کو پلیئنگ الیون میں شامل کرلیا گیا،انجرڈ پال ڈومنی کی جگہ فاف ڈو پلیسس ڈیبیو کریں گے، ادھر آسٹریلوی ٹیم بھی سیریز میں برتری کیلیے بے چین ہے، پہلے ٹیسٹ کی ٹیم ہی میدان میں اتاری جائے گی، بھرپور کوشش کے باوجود شین واٹسن 11کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا پائے۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ دو ایسی ٹیمیں ہیں جنھیں میچز کا ڈرا ہونا پسند نہیں، اس کے باوجود پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کی نذر ہونے کے باعث میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا،اب جو بھی ٹیم ایڈیلیڈ میں فتح حاصل کرلے گی اس کے سر سے سیریز ہارنے کا خوف اتر جائے گا،اگر یہ سائیڈ جنوبی افریقہ ہوئی تو پھر وہ میزبان کے نمبر ون بننے کی امیدیں خاک میں ملا دے گی۔

ایڈیلیڈ کی وکٹ بیٹسمینوں کیلیے انتہائی موزوں قرار دی جارہی ہے مگر آخر دنوں میں ٹرن لے گی،اسپنرز کو خاص طور پر مدد دے سکتی ہے اس لیے پروٹیز نے لیگ اسپنر عمران طاہر کو الیون کا حصہ بنایا،کپتان گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ عمران آسٹریلیا کے لیفٹ ہینڈرز کو نشانہ بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں،انھیں اچھی طرح معلوم ہے کہ اس مقابلے میں ان کا کردار کتنا اہم ہوگا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کے ٹاپ 7 میں سے 5 بیٹسمین لیفٹ ہینڈر ہیں۔ پہلے ٹیسٹ کے دوران ایڑی کی تکلیف میں مبتلا اور بعد میں سرجری کرانے والے پال ڈومینی کی جگہ فاف ڈوپلیسس کا ڈیبیو یقینی ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے بغیر کوئی ردوبدل کیے برسبین ٹیسٹ کی ہی الیون میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، پنڈلی کی تکلیف سے دوچار واٹسن نے بطور بیٹسمین یہ ٹیسٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی مگر ٹیم مینجمنٹ اس کے حق میں نہیں، اس طرح روب کیونے کو اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا ایک اور موقع مل گیا، ٹاپ پر موجود ڈیوڈ وارنر کیلیے بھی فارم میں واپسی کا یہ آخری موقع دکھائی دے رہا ہے۔
Load Next Story