اجمل قصاب کی پھانسی پاک بھارت سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی چیئرمین

حکومت پنجاب کا رویہ برقرار رہا تو میچز دیگر صوبوں میں کرانے پر مجبور ہوجائیں گے، ذکا اشرف

حکومت پنجاب کا رویہ برقرار رہا تو میچز دیگر صوبوں میں کرانے پر مجبور ہوجائیں گے، ذکا اشرف فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی ذکااشرف نے واضح کیا ہے کہ حکومت پنجاب کا موجودہ رویہ اگر برقرار رہا تو کرکٹ میچز دیگر صوبوں میں لے جانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ان کے مطابق اجمل قصاب کی پھانسی کے باوجود پاک بھارت سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، بگ بیش میں قومی کھلاڑیوں کو شرکت سے نہیں روکا گیا۔لاہور میںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ذکااشرف نے کہا کہ چند روز قبل گوجرانوالہ میں ناخوشگوار واقعہ ہوا، اب سیالکوٹ میں اسٹیڈیم کے دروازے بند کر دیے گئے جس کی وجہ سے کھیل کو ختم کرنا پڑا۔


انھوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اسٹیڈیمز حکومت کے قبضے میں ہیں جس کی وجہ سے کھیلوں کی تنظیموں کو اسی پر انحصار کرنا پڑتا ہے، حکومت پنجاب اسپورٹس فیسٹیول ضرور کرے لیکن اسے یہ بات بھی ہرگز نہیں بھولنی چاہیے کہ کرکٹ پاکستان کا سب سے مقبول کھیل ہے،اگر پنجاب حکومت کا رویہ ایسا ہی رہا تو ہم میچز دیگر صوبوں میں کرانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ایک سوال پر ذکا اشرف نے کہا پی سی بی کا معاہدہ بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت کے ساتھ ہے، میں نہیں سمجھتا کہ اجمل قصاب کی پھانسی سے سیریز متاثر ہو گی،انھوں نے امید ظاہر کی کہ روایتی حریفوں کے درمیان میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ بگ باش کے حوالے سے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں متحدہ عرب امارات میں تھا جس کی وجہ سے کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، کھلاڑیوں کی درخواست پر انھیں ایونٹ میں شرکت کی اجازت دی گئی، بعد ازاں بھارت سے سیریز کے معاملات طے پا گئے جس کے بعد پلیئرزکو آسٹریلیا جانے سے روک دیا گیا،تاہم کرکٹ آسٹریلیا کی درخواست پر ایک بار پھر اجازت دے دی گئی۔
Load Next Story