سندھ حکومت 81 فیصد بجٹ اخراجات وفاق ودیگر ذرائع سے پورے کریگی

صرف 19فیصد،وفاق سے561ارب 9کروڑ اور ورلڈ بینک،آئی ڈی اے، یورپی یونین،بینک قرضوں سے 35ارب 69کروڑحاصل کیے جائینگے

اپنے ذرائع سے صرف19فیصد،وفاق سے561ارب 9کروڑ اور ورلڈ بینک،آئی ڈی اے، یورپی یونین،بینک قرضوں سے 35ارب 69کروڑحاصل کیے جائینگے فوٹو: فائل

KARACHI:
سندھ حکومت مالی سال 2016-17کے مجموعی 869ارب 11کروڑ 77 لاکھ روپے کے اخراجات میں سے 80 فیصد اخراجات وفاق اور بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم سے پورے کرے گی۔


سندھ حکومت بجٹ کے لیے اپنے ذرائع سے صرف 19فیصد مالی وسائل مہیا کرے گی۔ سندھ بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران سندھ حکومت کی ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن 166ارب 3کروڑ 39لاکھ روپے کا تخمینہ لگایاگیا ہے جو صوبائی بجٹ کا 19فیصد ہے باقی 81 فیصد اخراجات وفاق سے موصول ہونے والے 561ارب 9کروڑ 96لاکھ روپے اور ورلڈ بینک، آئی ڈی اے، یورپی یونین اور بینک قرضہ جات سے حاصل ہونے والی 35ارب 69کروڑ روپے کی رقم سے پورے کیے جائیں گے۔

سندھ کے بجٹ کے 64.5فیصد اخراجات وفاق سے موصول ہونے والی رقوم بشمول 493ارب 17کروڑ 34لاکھ روپے کے ریونیو اسائنمنٹ، 54ارب 66کروڑ 78 لاکھ روپے کی براہ راست منتقلیوں اور آکٹرائے اور ضلع ٹیکس کے متبادل کے طور پر وفاق سے موصول ہونیو الی 13ارب 25کروڑ 84لاکھ روپے کی گرانٹ سے پورے کیے جائیں گے۔ سندھ کو آئندہ مالی سال غیرملکی معاونت سے چلنے والے منصوبوں کے لیے بیرونی ذرائع سے 28ارب 80کروڑ روپے اور متفرق فیڈرل گرانٹس کی مد میں 12ارب 18کروڑ روپے موصول ہوں گے۔
Load Next Story