سول حکومت چاہے تو دستے بھیج سکتے ہیں آرمی چیف

آئین کے تحت سول حکومتیں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کرتی ہیں، ازخود کنٹرول نہیں سنبھال سکتے، صحافیوں سے گفتگو

دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے سندھ حکومت کی درخواست منظور، کورکمانڈرنے فوج کو تیار رہنے کا حکم دیدیا ہے، حکومت سندھ کسی بھی وقت طلب کرسکتی ہے، آئی ایس پی آر۔ فوٹو: فائل

بری فو ج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کراچی میں فوجی آپریشن کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں رینجرز بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔


آئین کے مطابق سول حکومتیں فوجی دستوں کی تعیناتی کا مطالبہ کرتی ہیں، ہم ازخود کنٹرول نہیں سنبھال سکتے ۔ ڈی ایٹ کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان اور دہشت گردی کنٹرول کرنے کیلیے فوجی دستے تیار ہیں تاہم آئین کے تحت سول حکومتیں فوجی دستوں کی تعیناتی کا مطالبہ کرتی ہیں، ملک کے مختلف حساس علاقوں میں فوجی پہلے ہی تعینات ہیں، سول انتظامیہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلیے تیار ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں فوجی آپریشن کی کوئی ضرورت نہیں، شہر میں رینجرز بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں محرم الحرام میں امن وامان کی صورت حال اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے محکمہ داخلہ سندھ نے کور کمانڈر 5 کور پاکستان آرمی سے درخواست کی تھی جسے کور کمانڈر 5 کور نے منظور کرتے ہوئے کسی بھی امن وامان کی خراب صورتحال سے نمٹنے کیلیے فوج کو مکمل طور پر تیار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اب فوج تیار ہوگی، حکومت سندھ کسی بھی وقت طلب کرسکتی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story