میٹروپولیٹن کارپوریشنوں کو اداروں کی منتقلی کیخلاف حکم امتناع

فیصلے تک میٹروپولیٹن کارپوریشنزکوکوئی ادارہ منتقل نہ کیا جائے، افتخار چوہدری

سندھ میں بلدیاتی نظام کے خلاف دائردرخواست پرسابق حکم برقرار،محکمہ بلدیات سندھ نے عدالت میں جواب جمع کرادیا

لاہور:
سپریم کورٹ نے سندھ میں میٹروپولیٹن کارپوریشنوں کوسندھ حکومت کی طرف سے اداروں کی منتقلی کے خلاف حکم امتناع جاری کردیا ہے ۔


عدالت نے سندھ میں بلدیاتی نظام کے خلاف دائر درخواست پر سابق حکم براقرار رکھ کر سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کیس کا فیصلہ ہونے تک میٹروپولیٹن کارپوریشنز کو کوئی ادارہ منتقل نہ کیا جائے، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے مقدمہ سنا،سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈنینس کے خلاف درخواست گزار بیرسٹر ضمیرگھمرونے عدالت کو بتایا کہ کراچی اورحیدرآباد میٹروپولیٹن کارپوریشن نے سندھ حکومت کو خط لکھا ہے کہ بلدیاتی نظام کے تحت ان کو تمام اداروں کے اختیارات منتقل کیے جائیں جبکہ سندھ حکومت نے اس حوالے سے ان کو مثبت جواب دیاہے۔

درخواست گزار نے اختیارات کی منتقلی کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ فتح الملک نے درخواست پر سندھ حکومت کی طرف سے جواب دینے کے لیے مہلت کی درخواست کی، محکمہ بلدیات نے جواب جمع کرایا، محکمہ بلدیات کے وکیل انور منصور خان نے آئندہ سماعت کراچی میںرکھنے کی درخواست کی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ بہت اہم کیس ہے اور حسین ہارون ن کی طرف سے مقدمے میں فریق بننے کی درخواست کی گئی ہے ۔ عدالت نے مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔
Load Next Story