چارجڈ پارکنگ مافیا کی لوٹ مار ٹھیکیدار کو شوکاز نوٹس

ملینیم مال کے اطراف 20کے بجائے 30روپے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی تھی،ذرائع.

ملینیم مال کے اطراف 20کے بجائے 30روپے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی تھی،ذرائع۔ فوٹو: نور/فائل

ڈائریکٹر ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ بورڈ زینت احمد نے گلشن اقبال ملینیم مال شاپنگ سینٹر اور اس کے اطراف میں چارجڈ پارکنگ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مارکا نوٹس لیتے ہوئے ٹھیکیدار کو شوکاز نوٹس اور جرمانہ کرنے کا حکم دیا ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر ملٹری لینڈاینڈ کنٹونمنٹ بورڈ زینت احمد کے علم میں یہ بات آئی تھی کہ ملینیم مال شاپنگ سینٹر کے اطراف میں ہونے والی چارجڈ پارکنگ کا ٹھیکیدار گاڑیوں کی پارکنگ کے نام پر 30روپے وصول کررہا ہے جب کہ سرکار کی طرف سے مقررہ کردہ کاروں کی فیس 20روپے جبکہ موٹر سائیکل کی فیس 10روپے ہے، زینت احمد نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کی جس پر فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ نے ٹھکیدار کو اضافی فیس لینے سے روک دیا ہے اورٹھکیدار کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، اس کے علاوہ اضافی فیس کی وصولیابی جرمانہ عائد کیا جارہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ زینت احمد نے شہر بھر کی کنٹونمنٹس بورڈ کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں ہر جگہ مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے اور جہاں بھی قوائد کی خلاف ورزی ہورہی ہو وہاں فوری کارروائی کی جائے، ادھر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کی حدود میں متعدد جگہوں پر چارجڈ پارکنگ کے ٹھیکیدار شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف ہیں تاہم بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ یہ تمام صورتحال علم میں ہونے کے باوجود اپنی آنکھیں بند رکھے ہوئے ہے، شہریوں کو چارجڈ پارکنگ مافیا کے حوالے کیا ہوا ہے جو کہ شہریوں سے سرعام لوٹ مار کررہے ہیں۔
Load Next Story