واقعہ کربلا ظالم و جابر قوتوں کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے

شہدائے کر بلاکی قربانیاں ظلم کے خلاف صف بندی کا بہترین نمونہ ہے،مقررین.

اجتماعات سے حنیف طیب، شبیرابوطالب، علامہ شاہ عبدالحق اور دیگر کا خطاب

لامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے میمن مسجد کھو ڑی گا رڈن میں محفل ذکر ِوعظ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت امام حسینؓ نے یزید کی بیعت سے انکار کرکے دین مصطفیؐ کی اشاعت کے لیے شہادت کو فوقیت دی۔

انھوں نے کہا کہ معرکہ حق و باطل قیامت تک جاری رہے گا، واقعہ کربلا ظالم و جابر قوتوں کے خلاف ڈٹ جا نے کا درس دیتا ہے۔


جماعت اہلسنت کراچی کے نائب امیر مولانا ابرار رحمانی نے گلشن اقبال میں شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ تاریخ اسلام میں شہدائے کر بلاکی قربانیاں اسلام کی سربلندی اور ظلم کے خلاف صف بندی کا بہترین نمونہ ہے، جمعیت علماء پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ شبیرابوطالب نے فیڈرل بی ایریا میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلامحض قصہ نہیں بلکہ زندگی گزارنے کے لیے بہترین اور مسلمہ لائن آف ایکشن ہے،امام عالی مقام سیدنا حسین ؓ نے ظالم اور جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کادرس دیا اور عزم و ہمت اور دین پر استقامت کی عظیم مثال پیش کی ،امام حسین ؓ کی ساری زندگی اسلام کی سربلندی اور احیائے دین سے عبارت ہے ، سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے الجنت ویلفیئر ٹرسٹ کے زیرا ہتمام تین روزہ جلسہ بیانِ شہادت امام حسینؓ کے افتتاحی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا ایسی درسگاہ ہے جہاں سے عدالت ، شجاعت ، جرأت ، حریت ، حمیت، سخاوت اور حکمت کی تعلیم ملتی ہے.

انھوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو واقعہ کربلا سے سبق حاصل کرتے ہوئے امام حسین کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا اور انہی کی تعلیمات سے ہم معاشرے کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں، انھوں نے کہاکہ اگر حکمران حلال و حرام کی امتیازات ختم کردیں شریعت کو ماننے کے بجائے اپنی مرضی کے تابع بنانا چاہیں تو ایسی صورت میں ہمیں کردارحسینی کو تازہ کرتے ہوئے حکمرانوں کے خلاف آواز حق بلند کرنا چاہیے۔
Load Next Story