حکومتی رٹ ختم لاقانونیت نے ملک کو لپیٹ میں لے لیا عمران خان

فرقہ واریت کی سازش سے ملک کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں تمام مکتبہ فکر ملکر شرپسندی کے ناسور کو ناکام بنادیں

کراچی کے عوام یہ بات اچھی طرح سمجھ گئے ہیں کہ انھوں نے بھتا خوری دہشت گردوں اور مافیا کے خاتمے کیلیے تبدیلی کا ساتھ دیناہے فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے حکمرانوں کی نااہلی نے پورے ملک کو لاقانونیت کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔


بم دھماکوں اور فرقہ واریت کی سازش سے ملک کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں تمام مکتبہ فکر ملکر شرپسندی کے ناسور کو ناکام بنادیں، یہ بات انھوں نے جمعے کونجم الحسن جعفری کی رہائش گاہ پر ممتاز شیعہ عالم آیت اللہ عقیل گربی سے ملاقات میں کہی اس موقع پر سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی، صدر سندھ نادر اکمل لغاری ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی ،علی زیدی، فیصل واوڈا کراچی کے صدر اشرف قریشی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ موٹر سائیکل اور موبائل فون پر پابندی دراصل حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان کے عوام فون اور عدم تحفظ کی زندگی جینے پر مجبور ہیں دونوں رہنمائوں نے آپس میں اتحاد ویگانگت پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند، دہشت گرد اور سازشی عناصر مسلمانوں کے اتحاد میں دراڑ ڈال کر ملک میں انارکی چاہتے ہیں۔

اس موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں قیام امن اور لاقانونیت کا خاتمہ مشکل کام نہیں مصلحتوں سے بالاتر ادارے ہی نظام مملکت کی مضبوطی اور قوم کی جان ومال کے تحفظ کی ضمانت ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیاسی اور سرکاری پریشر سے آزاد ہوں تو کراچی میں امن کا قیام چند دن کی بات ہے ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ اب کراچی کے عوام یہ بات اچھی طرح سمجھ گئے ہیں کہ انھوں نے بھتا خوری دہشت گردوں اور مافیا کے خاتمے کیلیے تبدیلی کا ساتھ دیناہے تاکہ کراچی ایک بار پھر امن و سکون اور روشنیوں کا شہر بن سکے۔
Load Next Story