مسلسل شکستیں‘پی ایچ ایف آفیشلز مستعفی ہو جائیں شہناز شیخ

نام نہاد سینئر کھلاڑیوں نے قومی اسکواڈکو یرغمال بنایا ہوا ہے،اب نئے پلیئرز کو آزمانے کا وقت آ چکا۔

پاکستان پرتھ میں جاری ٹورنامنٹ کی سب سے کمزور ٹیم بھارت سے بھی ہار گیا۔ یفوٹو: اے ایف پی

سابق اولمپیئن شہناز شیخ نے کہا ہے کہ سپر سیریز ہاکی میں مسلسل تین شکستوں کے بعد پی ایچ ایف آفیشلز کو مستعفی ہو جانا چاہیے، قومی ٹیم دن بہ دن زوال کا شکار ہورہی ہے۔


نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سینئر پلیئرز پر مشتمل موجودہ ٹیم کسی بھی حریف کے خلاف کامیابی حاصل نہیں کرسکتی،نام نہاد سینئر کھلاڑیوں نے قومی اسکواڈکو یرغمال بنایا ہوا ہے،اب نئے پلیئرز کو آزمانے کا وقت آ چکا، فیڈریشن کے عہدیدار نتائج سے بے پروا اپنے دفتر میں بیٹھ کر کھیل کے معاملات چلا رہے ہیں ، پرتھ میں جاری ٹورنامنٹ کی سب سے کمزور ٹیم بھارت تھی پاکستان کو اس کیخلاف بھی بڑے مارجن سے شکست ہو گئی، میچ میں ہمارے کھلاڑی بے بس دکھائی دیے۔

انھوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کے ارکان اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی امور میرہزار خان بجرانی کو ہاکی فیڈریشن اور ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے تاکہ قومی کھیل کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے، اگر یہ حالات برقرار رہے تو پاکستان کو اولمپکس اور چیمپئنز ٹرافی کے کوالیفائنگ رائونڈز میں حصہ لینا پڑے گا، شہنازشیخ نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن عمررسیدہ کھلاڑیوں کے ذریعے2014 ورلڈکپ کی تیاری کررہی ہے، وسیم اور عمران کا ہاکی میں کوئی مستقبل نہیں اور ان کی ٹیم میں شمولیت نوجوانوں کی حق تلفی کے مترادف ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story