حکومت یوم عاشور پر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے مقررین

شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے،عباس کمیلی، مجتبیٰ نقوی و دیگرکا مطالبہ.

موٹر سائیکل پر پابندی اور رکاوٹوںسے دہشت گردی نہیں روکی جاسکتی، ناظر تقوی. فوٹو: فائل

جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، جنرل سیکریٹری سلمان مجتبیٰ نقوی، شبر رضا و دیگرنے ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، گلگت و دیگر مقامات پر بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوم عاشورہ پر سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے.


انھوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے عزاداران کو روکا نہیں جاسکتا ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم عزاداری کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے،انھوں نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی اور علما وذاکرین سے کہا کہ وہ اپنے خطبات میں امن کا پیغام دیں، شیعہ علماکونسل سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا کہ صرف موٹر سائیکل پر پابندی اور رکاوٹیں کھڑی کرنے سے دہشت گردوں کو روکا نہیں جاسکتا، دہشت گردوں کے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے تختہ دار پر لٹکایا جائے تب امن قائم ہوگا .

مولانا اکرام حسین ترمذی نے گلشن اقبال میں تحریک حسینیہ اور دیگر شیعہ تنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یوم عاشورہ پر امن کے قیام کو یقینی بنائے اور عوام پرامن رہتے ہوئے یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں، اجلاس میں مولانا حسین مسعودی، مولانا عون نقوی، علامہ اظہرحسین نقوی، مولانا غلام رضا جعفری و دیگر نے شرکت کی۔
Load Next Story