باطل نظام کیخلاف ڈٹ جانیکا درس امام حسینؓ ہی نے دیا

مجالس سے شہنشاہ حسین ،حسن ظفرنقوی، علامہ طالب جوہری، مولانا محمد نقوی کا خطاب.

9محرم الحرام کا مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ سے گزررہا ہے، اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے(فوٹو ایکسپریس)

9محرم الحرام ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا،علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا اس سے قبل نشترپارک میں مرکزی مجلس منعقد ہوئی جس سے ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا ۔


مرکزی جلوس کی قیادت پاک حیدری اسکائوٹس نے کی مرکزی جلوس کے شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کی جس کے انتظامات آئی ایس او نے کیے تھے، جلوس حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا، ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ باطل نظام اورنظریہ کے خلاف ڈٹ جانے کا درس امام حسینؓ ہی نے دیا،شہدائے کربلا نے صبر و استقامت اورتحمل کا مظاہرہ کیا، اسلام ہی اصل دین ہے جس میں مسلمانوں کے مسائل کا حل موجود ہے ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے نشترپارک میں9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انھوں نے کہا کہ جب یزید وقت اسلام کی اصل شکل کو مسخ ، اسلامی اصولوں کی پامالی اور انسانی حقوق سے انحراف پر تل گیا تو خانوادہ رسول نے امام حسینؓ کی قیادت میں علم جہاد بلند کیا ۔

علامہ طالب جوہری نے امام بارگاہ ساحرہ نیو رضویہ سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام کربلا کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ زندہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت اسلام دشمن اور باطل قوتیں پوری دنیا پر اپنا تسلط جمائے ہوئے ہیں،علامہ حسن ظفرنقوی نے امام بارگاہ رضویہ سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری امام حسینؓ کا فروغ امن کے قیام کی ضمانت ہے،مولانا سید محمد نقوی نے محفل مرتضیٰ سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانوادہ رسول نے جبر نہیں بلکہ اخلاق و کردار سے دین کی ترویج کی۔
Load Next Story