بھارت کا پرانا راگ

بھارتی حکومت اپنےمظالم پرپردہ ڈالنےاورپوری دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنےکےلیےاس کا الزام پاکستان پر عائد کر رہی ہے

اگر بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر ظلم کرنا بند کر دے تو ممکن ہے کہ اس کے خلاف خود کش حملے کا سلسلہ بھی خود بخود رک جائے۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پامپور میں ایک حملے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان کی طرف سے گولی چلتی ہے تو پھر اپنی گولیوں کا حساب نہیں رکھیں گے۔ یہ بھارت کی عادت سی بن گئی ہے کہ جب بھی وہاں دہشت گردی کا کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو وہ بلاتحقیق اس کا الزام فوراً پاکستان پر دھرتے ہوئے دھمکیاں دینے پر اتر آتا ہے۔ دو تین روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پامپور میں بھارتی فوج کے قافلے پر خود کش حملے میں آٹھ فوجی ہلاک اور 28زخمی ہو گئے تھے۔

مقبوضہ کشمیر میں کئی عشروں سے تحریک آزادی چل رہی ہے اس تحریک کو کچلنے کے لیے بھارتی فوج نے ظلم و ستم کا ہر حربہ آزما لیا ہے اور ہزاروں کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے جبر کا شکار ہو چکے ہیں لیکن کشمیریوں کا جذبہ حریت کم ہونے کے بجائے روز بروز بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے۔ کشمیری جہاں بھارتی تسلط کے خلاف اپنی تحریک پوری قوت سے چلا رہے ہیں وہاں بھارتی مظالم سے تنگ آ کر کچھ کشمیری نوجوانوں نے مسلح جدوجہد شروع کر رکھی ہے۔ اس لیے وہاں بھارتی فوج پر حریت پسند مسلح کشمیری نوجوانوں کے حملے کوئی نئی بات نہیں' یہ حملے معمول کا عمل ہیں۔


پامپور حملہ بھی انھی حملوں کی ایک کڑی معلوم ہوتا ہے لیکن بھارتی حکومت اپنے مظالم پر پردہ ڈالنے اور پوری دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے اس کا الزام پاکستان پر عائد کر رہی ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ اس حملے میں پاکستان قطعی طور پر ملوث نہیں یہ مقبوضہ کشمیر کے اندر لڑی جانے والی تحریک آزادی کا ایک جزو ہے۔

جب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور ان کے جواب میں کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے، بھارتی فوج پر ایسے حملے ہوتے رہیں گے اس لیے بھارتی حکومت پاکستان پر الزام دھرنے اور دھمکیاں دینے کے بجائے اپنی پالیسیوں پر غور کرے۔ اگر بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر ظلم کرنا بند کر دے تو ممکن ہے کہ اس کے خلاف خود کش حملے کا سلسلہ بھی خود بخود رک جائے۔
Load Next Story