وزیراعلیٰ پنجاب بغیرسیکیورٹی شہریوں میں گھل مل گئے

پنجابی میں دلچسپ گفتگو، شیر دل،زندہ باد کے نعرے،شہبازشریف کو شہری نے گلدستہ پیش کیا

شہبازشریف تاریخ ساز کام کررہے ہیں،ان کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا،شہریوں کا خراج تحسین.فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ہفتے کو علیٰ الصبح میٹروبس پروجیکٹ اور یوم عاشور کے موقع پر مرکزی جلوس کے روٹ کا بغیر سیکیورٹی اور پروٹوکول کے دورہ کیا اور گجومتہ سے آزادی چوک تک پراجیکٹ کے مختلف حصوں پر ہونے والے تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔


اس موقع پر چیئرمین ایل ٹی سی خواجہ احمد حسان، پروجیکٹ ڈائریکٹر بی آرٹی، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مختلف مقامات پر شہریوں اور منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ خوشگوار انداز میں پنجابی زبان میں بات چیت کی۔ جین مندر چوک پر وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک شخص نے کہاکہ میں سی ایم آں، جس پر وزیراعلیٰ نے کہا جے تسیں سی ایم او تے میں فیر ایویں ای پھرریاواں، جس پر اس شخص نے کہا کہ میں کنسٹرکشن مینجر آں تے نکا سی ایم آں تسیں وڈے سی ایم او جس پر وزیراعلیٰ مسکرا دیے۔

ایم اے او کالج روڈ پر وزیراعلیٰ نے مزدوروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تہاڈا کیہہ حال اے،ٹھیک ٹھاک اوناں، کم بندکیتا ہویا اے جس پر مزدوروں نے کہاکہ شفٹ بدل گئی اے تے نویں شفٹ آرہی اے۔ ٹکسالی چوک پر ایلیویٹڈ سیکشن پر سیکیورٹی گارڈسے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ناشتہ کرلیااے کہ نئیں، جس پر گارڈ نے کہاکہ ناشتہ تے کرلیا اے پر چا نئیں پیتی۔ اس موقع پر ایک شہری نے وزیراعلیٰ کو گلدستہ بھی پیش کیا۔ وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر شہری شیر دل۔۔زندہ باد، شہبازشریف ۔۔زندہ باد، شیر آیا۔شیر آیا کے نعرے لگاتے رہے۔ شہریوں نے کہاکہ آپ نے یہ منصوبہ بناکر کمال کردیا ہے، آپ تاریخی کام کر رہے ہیں، تاریخ میں آپ کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا، ہم نے ساری زندگی ایسا تیزرفتار کام ہوتے نہیں دیکھا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو لمبی زندگی اور تندرستی عطاکرے، جس طرح آپ نے پنجاب کو تعمیر وترقی کے راستے پر گامزن کیاہے، اللہ تعالیٰ آپ کو ہمت دے کہ آپ پاکستان کو بھی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکیں۔
Load Next Story