پاکستانی فیلڈنگ بہتر بنانے کی کوششیں شروع

فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے گذشتہ روز ٹاؤنٹن میں کھلاڑیوں کو خوب پریکٹس کرائی اور مفید مشوروں سے بھی نوازا

فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے گذشتہ روز ٹاؤنٹن میں کھلاڑیوں کو خوب پریکٹس کرائی اور مفید مشوروں سے بھی نوازا. فوٹو: پی سی بی

پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ بہتر بنانے کی کوششیں شروع ہو گئیں، نئے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے گذشتہ روز ٹاؤنٹن میں کھلاڑیوں کو خوب پریکٹس کرائی اور مفید مشوروں سے بھی نوازا


تفصیلات کے مطابق پاکستانی اسکواڈ کو ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلیے قبل ازوقت انگلینڈ روانہ کیا گیا تھا، 10روزہ کنڈیشننگ کیمپ ساؤتھمپٹن میں لگایا گیا، پی سی بی نے ممکنہ موسمی حالات کو پیش نظر رکھے بغیر وینیو کا انتخاب کیا جس کی وجہ سے کرکٹرز کو آؤٹ ڈور ٹریننگ کے بہت کم مواقع میسر آئے،50لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے خاطر خواہ مقاصد حاصل نہ کیے جاسکے، ساؤتھمپٹن سے بذریعہ بس ٹاؤنٹن پہنچنے والے مہمان اسکواڈ نے جمعرات کو بہتر موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرپور پریکٹس کی، اس دوران نئے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن خاصے متحرک نظر آئے،انھوں نے کھلاڑیوں کو بھرپور پریکٹس کرائی، ساتھ ہی مفید مشوروں سے بھی نوازتے رہے۔

ٹیم منیجر انتخاب عالم نے فون پر ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں صلاحیتیں نکھارنے کیلیے محنت کی،2 سے5بجے تک کے سیشن میں ٹریننگ کی ترتیب اس طرح رکھی گئی تھی کہ تمام پلیئرز کسی نہ کسی طور میدان میں سرگرم رہیں،فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن بھی خاصے مصروف رہے، انھوں نے کھلاڑیوں کو ایشیائی اور انگلش میدانوں میں فرق اور ٹور کیلیے بہتر کارکردگی کیلیے مفید معلومات بھی دیں،انھوں نے بتایا کہ ٹاؤنٹن میں سردی اچانک بڑھ گئی تاہم کرکٹرز اس ماحول سے لطف اندوز ہورہے ہیں،جمعے کو بھی پریکٹس جاری رکھتے ہوئے تینوں شعبوں میں خامیاں درست کرنے کیلیے کام کریں گے۔
Load Next Story