کراچی میں ایک اور کنٹونمنٹ کے قیام کا فیصلہ چند روز میں نوٹیفکیشن جاری ہونے کی توقع

کاغذی کارروائی آخری مراحل میں، چیف سیکریٹری کی طرف سے سمری کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں ماڑی پور روڈ پر واقع آبادیاںاور پی اے ایف مسرور بیس کے اطراف کے علاقے شامل ہوں گے. فوٹو: فائل

حکومت نے کراچی میں ساتویں کنٹونمنٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔


اس حوالے سے کاغذی کارروائی آخری مراحل میں ہیں توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں مسرور کنٹونمنٹ بورڈ کے نام سے نئے کنٹونمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیاجائے گا، اس کنٹوٹمنٹ بورڈ کی حدود میں ماری پور روڈ پر واقع بعض آبادیاںاور پی اے ایف مسرور بیس کے اطراف کے علاقے شامل کردیے جائیں گے، ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل کراچی میں پہلے ہی 6 کنٹونمنٹ بورڈ موجود ہیں جو کہ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ ، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ ، کراچی کنٹونمنٹ بورڈ ، کراچی کریک کنٹونمنٹ بورڈ ، ملیر کنٹونمنٹ بورڈ اور منوڑا کنٹونمنٹ بورڈ کے نام سے کام کررہے ہیں اور شہر کی ایک بہت بڑی آبادی ان کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں رہتی ہے۔

جہاں پر بلدیات ، تعمیرات اور دیگر حوالے سے ان کنٹونمنٹ بورڈ کے قوانین کا اطلاق ہوتا ہے، یہ کنٹونمنٹ بورڈقیام پاکستان سے قبل قائم ہوئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ کراچی میں کوئی نیا کنٹونمنٹ بورڈ قائم کیا جارہا ہے اس سلسلے سے تمام کاغذی کارروائی آخری مراحل میں ہیں اور چیف سیکریٹری کی طرف سے سمری کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا جس کے بعد کراچی میں ساتواں کنٹونمنٹ بورڈ قائم ہوجائے گا، ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ فی الحال نئے کنٹونمنٹ کی حدود میں آبادی کم ہے تاہم اس نئے کنٹونمنٹ کے قیام سے علاقے میں آبادی ، رہائشی سہولیات اور اراضی و جائیداد کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
Load Next Story