جامعہ کراچی ڈگری کلاسز کے امتحانات9روز کی تاخیر کا شکار

اب پیپرز5دسمبرسے شروع ہونگے،رجحان ٹیسٹ کے سبب داخلہ کمیٹی کی جانب سے امتحانات نہ لینے کی درخواست کی گئی تھی۔

فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کے تحت ڈگری کلاسز کے سالانہ امتحانات 9روز کی تاخیرکا شکار ہوگئے ہیں۔


ڈگری کلاسزبی اے(ریگولر پرائیویٹ) اوربی ایس سی کے سالانہ امتحانات مقررہ تاریخ کے بجائے اب آئندہ ماہ 5دسمبرسے شروع ہونگے،اس سے قبل بی اے کے امتحانات 26 نومبرسے لیے جانے کافیصلہ کیاگیاتھا،جبکہ بی کام کے سالانہ امتحانات بھی مقررہ تاریخ 10دسمبرسے شروع ہونے کاامکان نہیں ہے،بی اے (ریگولر؍پرائیویٹ) کے سالانہ امتحانات دوپہرکے اوقات میںجبکہ بی ایس سی کے امتحانات صبح کے اوقات میں لیے جائیں گے، بی کام کے سالانہ امتحانات شروع کیے جانے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیاجاسکاہے اورامکان ہے کہ بی کام کے امتحانات بھی چند روز کی تاخیر کا شکار ہونگے۔

''ایکسپریس'' کوشعبہ امتحانات کے ذرائع نے بتایاکہ جامعہ کراچی کی داخلہ کمیٹی کے تحت مذکورہ تاریخوں میں رجحان ٹیسٹ کاانعقاد ہوناہے جبکہ داخلہ کمیٹی کی جانب سے ایک خط کے ذریعے 28نومبرسے 3دسمبرتک امتحانات نہ لینے کی درخواست بھی کی گئی تھی ،جامعہ کراچی کی داخلہ کمیٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایاکہ یونیورسٹی میں آئندہ تعلیمی سال2013 میں رجحان ٹیسٹ کی بنیادپرہونے والے داخلوں کے لیے 22ہزارامیدوارشریک ہورہے ہیں جس کے لیے بڑے پیمانے پرکلاس رومز کی ضرورت ہے اس لیے داخلہ کمیٹی نے متعلقہ تاریخوں میں کمرہ امتحانات مصروف نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story