بلدیہ عظمیٰ کے صدر دفتر سمیت دیگر دفاتر کی بجلی منقطع

بلدیہ عظمیٰ نے واجبات کی ادائیگی کیلیے سندھ حکومت سے 70 کروڑ روپے مانگ لیے۔

کے ای ایس سی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر بلدیہ عظمیٰ کے صدر دفتر سمیت ادارے کے مختلف مقامات پر قائم گیارہ دفاتر کی بجلی منقطع کردی ہے۔ فوٹو: فائل

کے ای ایس سی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر بلدیہ عظمیٰ کے صدر دفتر سوک سینٹر سمیت دیگر دفاتر کی بجلی منقطع کردی ہے ْ۔

بلدیہ عظمیٰ کو ایک ارب 30 کروڑ روپے کا نادہندہ قرار دیا ہے جبکہ بلدیہ عظمیٰ نے بجلی کو واجبات کی ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے 70 کروڑ روپے مانگ لیے ہیں، تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر بلدیہ عظمیٰ کے صدر دفتر سمیت ادارے کے مختلف مقامات پر قائم گیارہ دفاتر کی بجلی منقطع کردی ہے، کے ای ایس سی کی طرف سے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں کہا گیا ہے عدم ادائیگی پر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ایسے11 اہم دفاتر کو بجلی کی فراہمی منقطع کردی جن پر بجلی کے ماہانہ بلوں کی مد میں1.3 ارب روپے کے بھاری واجبات تھے، جن دفاتر کی بجلی منقطع کی گئی ہے ان میں کے ایم سی ہیڈ آفس، یوسف گوٹھ اور بلدیہ کے بس ٹرمینلز، ڈالمیا کی پائپ فیکٹری اور غریب آباد کا انڈر پاس شامل ہے۔


کے ای ایس سی نے بلدیہ عظمیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ مزید کسی تاخیر کے وہ اپنے تمام بقایا جات کی ادائیگی کردیں تاکہ عوام سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کے وسیع تر مفاد میں عوامی خدمات کی فراہمی کے ان اداروں کے بجلی کی فراہمی کے کنکشن بحال کیے جاسکیں، بلدیہ عظمیٰ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ای ایس سی کا دعویٰ حقائق کے برخلاف ہے ہم نے اس حوالے سے واجبات کو ری کنسائل کرلیا ہے، ہمارے مطابق 70 کروڑ روپے کی رقم بنتی ہے، ہمارے مالی حالات اتنے اچھے نہیں کہ ہم اپنے طور پر یہ رقم ادا کرسکیں اس سلسلے میں سندھ حکومت کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں کے ای ایس سی کو واجبات کی ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے 70 کروڑ روپے طلب کیے گئے ہیں، اگر سندھ حکومت نے یہ رقم ادا کردی تو فوری طور پر کے ای ایس سی کو رقم ادا کردی جائے گی بصورت دیگر ہمارے اتنے وسائل ہیں اور نہ اتنی استعداد کے اتنی بڑی رقم اپنے طور پر ادا کرسکیں، دوسری طرف سوک سینٹر میں منگل کو دن بھر جنریٹرز سے بجلی فراہم کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں تمام افسران وعملے کو پابند کردیا گیا تھا کہ پانچ بجے دفتر خالی کردیں کیونکہ پانچ بجے کے بعد جنریٹر بند کردیا جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ جنریٹرز سے بجلی کی فراہمی کے باوجود ادارے کے افسران کے کمروں میں ایئرکنڈیشنڈ چلتے رہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سوک سینٹر میں بجلی کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے قوانین کے تحت صرف 19 گریڈ کے افسران کو اپنے کمروں میں ایئرکنڈیشنڈ لگانے کا استحقاق ہے تاہم بلدیہ عظمیٰ میں16گریڈ تک کے افسران کے کمروں میں ایئرکنڈیشنڈ لگے ہیں جو کہ آفیسر موجود ہو یا نہ ہو دن بھر ان کے کمروں میں ایئرکنڈیشنڈ چلتے رہتے ہیں۔
Load Next Story