اداروں میں رابطوں کا فقدان درسی کتب کی چھپائی بروقت نہ ہو سکی

درجنوں بک بینکس میں کتابیں موجود نہیں، طلبا پریشان، مختلف مضامین کی10لاکھ کتب کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا.

درجنوں بک بینکس میں کتابیں موجود نہیں، طلبا پریشان، مختلف مضامین کی10لاکھ کتب کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا. فوٹو: کیریٹیو کامنز

محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں کے مابین رابطوں کے فقدان کے سبب سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے تعلیمی سال شروع ہونے کے بعد درسی کتب کی چھپائی کا ٹینڈرجاری کردیاگیاہے یہ ٹینڈرسرکاری کالجوں اورہائرسیکنڈری اسکولوں میں مفت تقسیم کی جانے والی مختلف مضامین کی10لاکھ کتب کے لیے جاری کیا گیاہے۔


جس میں سائنس (پری انجینئرنگ، پری میڈیکل)،آرٹس اور کامرس کے مضامین کی کتابیں شامل ہیں، واضح رہے کہ مرکزی داخلہ کمیٹی کی جانب سے فرسٹ ایئرکے داخلوں کے تکمیل کے بعد کراچی کے سرکاری کالجوں اورہائرسیکنڈری اسکولوں میں تعلیمی سال یکم ستمبرسے شروع ہوچکاہے جبکہ سندھ کے دیگراضلاع میں مرکزی داخلہ پالیسی نہ ہونے کے سبب تعلیمی سال اس سے قبل ہی شروع ہوچکا ہے تاہم ڈائریکٹوریٹ آف کالجز سندھ،ریفارم سپورٹ یونٹ اور سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے مابین رابطوں کے فقدان کے سبب سرکاری کالجوں اور ہائرسکینڈری اسکولوں کے لیے مفت تقسیم کی جانے والی کتابوں کی چھپائی بروقت شروع نہیں کی جاسکی نئے قائم کیے گئے کالجوں اوردیگر سرکاری کالجوں میں قائم کیے گئے ''بک بینکس'' میں مجموعی طورپر30 فیصد درسی کتابوں کی کمی تھی۔

تاہم مذکورہ ذیلی اداروں کے مابین رابطوں کے فقدان کے سبب ابتدائی طورپرکتابیں چھاپنے یا نہ چھاپنے کاحتمی فیصلہ ہی نہیں کیاجاسکا اورتعلیمی سال شروع ہونے کے 2 ماہ بعد نومبرکے وسط میں پبلشرزکواچانک سرکاری کالجوںمیں درسی کتب کی چھپائی کاٹینڈرجاری کردیاگیا، یہ کتابیں تاحال چھپائی کے مرحلے میں ہیں جبکہ درجنوں سرکاری کالج ایسے ہیں جن کے بک بینکس میں مطلوبہ تعداد میں کتابیں موجود نہیں ہیں اورطلبہ کتابیں نہ ہونے کے سبب پریشان ہیں جبکہ بعض کالجوں کے طلبہ از خود کتابیں خریدنے کے لیے بازارکے چکر کاٹ رہے ہیں، ''ایکسپریس'' نے اس معاملے پر جب ڈائریکٹرجنرل کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار سے رابطہ کیا توان کاکہناتھاکہ جن کالجوں میں کتابیں موجودنہیں وہاں دوسرے کالجوں سے کتابیں فراہم کردی گئی ہیں جبکہ نئی کتابیں ہائرسیکنڈری اسکولوں کے لیے چھپوائی جارہی ہیں، ادھرسندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین عبدالاسلام خوجہ کاکہناتھاکہ کتابیں ایک ہفتے میں چھاپ کرکالجوں کوفراہم کردیں گے۔
Load Next Story