کراچی میں فائرنگ سے2 افراد ہلاک2 کی لاشیں ملیں

گلشن اقبال میں فائرنگ سے25سالہ فراز ،جامع کلاتھ کے قریب32سالہ عرفان ہلاک

پیپلزیوتھ کے17سالہ برکت اور16سالہ دانش کی لاشیں منگھوپیر غازی گوٹھ سے ملیں۔فوٹو : فائل

KARACHI:
شہر کے مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے ۔

منگھوپیر سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے 2 کارکنان کی لاشیں ملیں جنھیں اغوا کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے غازی گوٹھ کہکشاں گراؤنڈ کے قریب سے 2 افراد کی لاشیں ملیں جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائیں ، پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت 17سالہ برکت ولد فاروق اور 16سالہ دانش ولد سعید کے نام سے کی گئی ، ڈی آئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو کے مطابق مقتولین اورنگی سیکٹر ساڑھے گیارہ ضیاء کالونی کے رہائشی تھے جبکہ لاشوں کے قریب سے ان کی موٹر سائیکل بھی موجود تھی ، پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم اور30 بور پستول کے متعدد خالی خول ملے ہیں جنھیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔


پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صدر رؤف ناگوری نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولین PS-95 کے سرگرم کارکنان تھے جنھیں نامعلوم ملزمان نے شام کو اغوا کیا تھا اور رات کو ان کی لاشیں مل گئیں ، انھوں نے کارکنان کے بہیمانہ قتل کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ، عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک 13-D منیلا سینٹر کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جس میں سے 25 سالہ فراز ولد فضل اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ہلاک ہوگیا جبکہ موٹر سائیکل چلانے والا 26 سالہ محمد اکبر کے پاؤں پر گولی لگی تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ عقب سے موٹر سائیکل پر آنیوالے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی ، پولیس نے ہلاک و زخمی کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا ، ایس ایچ او صفدر مشوانی کا کہنا ہے کہ مقتول اور زخمی ہونے والا آپس میں دوست ہیں اور لیاقت آباد 10نمبر کے رہائشی ہیں ۔

واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ، آرام باغ کے علاقے جامع کلاتھ کے قریب پان کی دکان کے سامنے موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے گردن پر گولی لگنے سے 32 سالہ عرفان عرف لطیف شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق مقتول کے لواحقین اورنگی ٹاؤن میں رہائش پذیر ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ عرفان کو ناپسندیدہ سرگرمیوں کے باعث چند ماہ قبل عاق کر دیا تھا جس کے بعد سے وہ عیدگاہ عالم شاہ بخاری کمپائونڈ میں رہتاتھا ۔ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے پاور ہاؤس چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پھل فروش33 سالہ آصف ، نارتھ ناظم آباد بلاک J میں فائرنگ سے 30 سالہ کامران جبکہ شریف آباد کے علاقے بلوچ ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے50 سالہ عبدالطیف زخمی ہو گیا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story