زیکو نے عراقی فٹبال ٹیم کی کوچنگ چھوڑ دی

ایسوسی ایشن نے معاہدہ پورا نہیں کیا، سابق برازیلین اسٹار کا ویب سائٹ پر پیغام۔

ایسوسی ایشن نے معاہدہ پورا نہیں کیا، سابق برازیلین اسٹار کا ویب سائٹ پر پیغام۔ فوٹو: فائل

لاہور:
سابق برازیلین فٹبالر زیکو نے عراقی فٹبال ٹیم کی کوچنگ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔


انھوں نے اس کی وجہ عراقی فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے معاہدے کی شرائط پورا نہ کرنا بتائی، زیکو نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے فیفا اور عراقی فٹبال حکام کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا، انھوں نے کہا کہ آئی ایف اے مجھ سے کیے گئے معاہدے کی پاسداری نہیں کرپائی، دیگر تفصیلات جلد فراہم کروں گا، 59 سالہ زیکو نے گذشتہ برس عراقی فٹبال ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی۔

ان کی زیر کوچنگ ٹیم نے 21 میں سے 10 میچز جیتے، 6 ڈرا کیے، سیکیورٹی وجوہات کے سبب عراق نے اپنے ہوم میچز دوحا میں کھیلے، ٹیم ابھی ورلڈ کپ 2014 کے کوالیفائنگ مرحلے میں موجود ہے، گروپ ' بی' میں موجود عراقی سائیڈ نے 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا ہوا ہے، اگرچہ آسٹریلیا کے بھی پانچ پوائنٹس ہیں لیکن عراق بہترگول اوسط کی بنیاد پر اس سے آگے ہے، موجودہ ذمہ داری سنبھالنے سے قبل زیکو جاپان، ترک کلب فینربیہاس اور سی ایس کے اے ماسکو کے بھی منیجر رہے ہیں۔
Load Next Story