بھارت کی حیران کن شکست سے سٹے باز مالا مال

بک میکرز نے کروڑوں روپے کمالیے، رقم کمانے والا ایک بڑا گیمبلر گروہ کولکتہ میں پکڑا گیا۔

بک میکرز نے کروڑوں روپے کمالیے، رقم کمانے والا ایک بڑا گیمبلر گروہ کولکتہ میں پکڑا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کی حیران کن شکست نے سٹے بازوں کو مالا مال کردیا۔

انگلش اسپن اٹیک کے سامنے میزبان بیٹسمینوں کے ہتھیار ڈالنے سے بک میکرز نے کروڑوں روپے کما لیے، کولکتہ میں اس میچ سے مالا مال ہونے والا ایک بڑا گیمبلر گروہ پکڑا گیا، ایک سینئر پولیس آفیسر نے بھی بھارتی شکست کو حیرت انگیز قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی میں بھارت کو 10 وکٹ سے شکست ہوئی تھی، اس کے اسپنرز اور سلو بولنگ کا سامنا کرنے میں ماہر سمجھے جانے والے بیٹسمینوں نے انتہائی مایوس کن پرفارمنس کا مظاہرہ کیا،ہوم کنڈیشنز میں فیورٹ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر جواریوں نے میزبان سائیڈ پر ہی دائو کھیلے تھے مگرانگلینڈ کی کامیابی سے ان کی جیبیں خالی جبکہ بکیز کے خزانے بھر گئے۔


اسی میچ پر کروڑوں روپے کمانے والے کولکتہ کے ایک گروہ کی خوشی اس وقت رخصت ہوگئی جب پولیس نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا۔ ڈی سی سائوتھ سبوربن ڈویژن سوجے چندا نے تصدیق کی کہ 8 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ ہم تفتیش کررہے ہیں کہ ان لوگوں کا تعلق کہیں کسی بڑے کرکٹ بیٹنگ نیٹ ورک سے تو نہیں ہے۔

گرفا پولیس اسٹیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مخبروں نے پہلے ہی ٹپ دے دی تھی کہ شہر میں ایک گیمبلنگ نیٹ ورک مختلف چیزوں پر جوا کھلا کر کروڑوں روپے کما رہا ہے جس پر کارروائی کے 8 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
Load Next Story