نمبر ون کی جنگ کے نئے رائونڈ کا آج آغاز ہوگیا

فتح کینگروز کو پہلی پوزیشن دلادے گی، ڈرا پر پروٹیز بدستور سرفہرست رہیں گے۔

فتح کینگروز کو پہلی پوزیشن دلادے گی، ڈرا پر پروٹیز بدستور سرفہرست رہیں گے۔ فوٹو : فائل

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ون کی جنگ کے نئے رائونڈ کا جمعے کو آغاز ہوگیا۔


سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ پرتھ کے واکا گرائونڈ میں شروع ہورہا ہے، فی الحال سیریز 0-0 سے برابر ہے اس لیے پرتھ کا فاتح سیریز بھی اپنے نام کرلے گا، آسٹریلیا کامیابی کی صورت میں 2009 کے بعد عالمی رینکنگ میں پھر ٹاپ پوزیشن حاصل کرسکتا ہے، تاہم اگر یہ میچ بھی ابتدائی والے دومقابلوں کی طرح ڈرا ہوا تو پھر نمبرون پوزیشن بدستور پروٹیز کے قبضے میں ہی رہے گی۔ کینگروز فتح سے سابق کپتان رکی پونٹنگ کے الوداعی ٹیسٹ کو یادگار بنانے کے خواہاں ہیں۔

آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں بہت زیادہ بولنگ کی وجہ سے تھکن کا شکار ہونے والے فاسٹ بولرز پیٹرسڈل اور بین ہلفنہاس کو ڈراپ کردیا، ان کی جگہ مچل اسٹارک اور مچل جونسن کھیلیں گے، کپتان کلارک کا کہنا ہے کہ ہم پونٹنگ کو شایان شان طریقے سے الوداع کہنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب پروٹیز آخری لمحے تک کیلس کے فٹ ہونے کا انتظار کرینگے جو ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں، اگر وہ فٹ نہیں ہوئے تو ریان میکلرین کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل جائیگا، ڈیبیو ٹیسٹ پر متاثر کرنے والے فاف ڈوپلیسس کی بیٹنگ آرڈر میں ترقی ہوگی۔
Load Next Story