قیدیوں کی شکایات پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل معطل

صوبائی وزیر کا جیل کا دورہ، باعزت روزگار کیلیے قیدیوں کو ہنرمند بننے کی ہدایت

صوبائی وزیر نے قیدیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی ہدایت دی جبکہ انھوں نے کمپیوٹر اور فائن آرٹس سیکھنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا. فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر جیل خانہ جات ، معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان نے جمعرات کی دوپہر سینٹرل جیل کا اچانک دورہ کیا اور جیل میں قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔


اس موقع پر انھوں نے قیدیوں اوران سے ملاقات کے لیے آنے والوں سے بات چیت کی، قیدیوں اور ملاقاتیوں کی جانب سے شکایات پر صوبائی وزیر نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کی معطلی کے احکامات بھی دیے اور جیل عملے و افسران پر واضح کیا کہ فرائض سے غفلت اور لاپرواہی برتنے والوں سے سخت باز پرس کی جائے گی، صوبائی وزیر کو قیدیوں نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے سے انہیں صبح ناشتے میں آلو کی ترکاری ، پراٹھا اور شام کی چائے بھی باقاعدگی سے دی جارہی ہے ۔

صوبائی وزیر نے قیدیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی ہدایت دی جبکہ انھوں نے کمپیوٹر اور فائن آرٹس سیکھنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور قیدیوں سے کہا کہ وہ جیل میں علم اور ہنر سیکھ کر جیل سے رہائی کے بعد اچھے شہری کے طور پر زندگی گزاریں، اس موقع پر صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے بتایا کہ2008 میں پیپلزپارٹی کی حکومت سے پہلے ایک قیدی کے لیے ایک روز کے کھانے پر33روپے خرچ کیے جاتے تھے ہماری حکومت نے فی قیدی روزانہ کھانے کے اخراجات کو بڑھا کر115 روپے کیا ہے جس کے بعد سے کھانے کے معیار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔
Load Next Story