نارتھ کراچی پیٹرول پمپ پر دھماکا کار اور موٹرسائیکل خاکستر

پمپ پی پی کے ضلعی عہدیدار کا ہے، کریکر نہیں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی، بم ڈسپوزل اسکواڈ

مومن آباد میں آتشگیر مادہ پھٹ گیا، نقصان نہیں ہوا، صفورہ گوٹھ پر مشتبہ بیگ سے خوف و ہراس فوٹو : فائل

SUKKUR:
نارتھ کراچی میں پیٹرول پمپ کے سروس اسٹیشن میں کھڑی ہوئی کار کے قریب پراسرار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کار اور قریب ہی کھڑی ہوئی موٹر سائیکل جل کر خاکستر ہوگئی۔

مذکورہ کار پیپلز پارٹی کے ضلعی عہدیدار کے بھتیجے کی تھی، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے آگ کو شارٹ سرکٹ قرار دے کر کسی بھی دھماکا خیز مواد کے استعمال کو رد کر دیا۔ دوسری جانب مومن آباد میں کچرا کنڈی میں پڑا ہوا آتشگیر مادہ دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا، صفورہ گوٹھ کے قریب مشتبہ بیگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرسید ٹاؤن تھانے کے حدود نارتھ کراچی بلال کالونی کچی آبادی سے ملحقہ پیٹرول پمپ کے سروس اسٹیشن میں کھڑی ہوئی کار نمبر AXY-996 کے قریب پراسرار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے قریب ہی کھڑی موٹر سائیکل کو بھی اپنی لپٹ میں لے لیا۔ آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کا عملہ دو گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پالیا تاہم آگ لگنے کے باعث کار اور موٹر سائیکل جل کر خاکستر ہوگئیں۔


پولیس کے مطابق کے مطابق ابتدائی طور پر یہ کہا جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان کی جانب سے کریکر پھینکا گیا ہے جس کے باعث دھماکا ہوا اور گاڑی میں آگ لگ گئی۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے تفصیلی معائنے کے بعد گاڑی کی آگ کو شارٹ سرکٹ قرار دیتے ہوئے واقعہ میں دھماکا خیز مواد کے استعمال کو رد کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر گاڑی پر کریکر پھینکا جاتا تو اس کے پھٹنے کے نشانات گاڑی پر یا دیواروں پر ضرور ہوتے تاہم موقع پر ایسے کوئی شواہد نہیں ملے۔ مذکورہ پیٹرول پمپ پاکستان پیپلز پارٹی PS-97 کے ضلعی جنرل سیکریٹری شیر عبدل مالک کی ملکیت ہے جبکہ جلنے والی کار ان کے بھتیجے کی تھی۔ ان کا کہنا ہے 17 نومبر کو انھیں موبائل فون پر بھتہ خوروں کی جانب سے کال آئی تھی جو کہ ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کر رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ بعدازاں بھتہ خوروں کی جانب سے 22 نومبر کو ان کی رہائش گاہ رشید آباد میں فائرنگ کی گئی اور دوبارہ فون کر کے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ انھوں بتایا کہ مذکورہ کارروائی ان ہی بھتہ خوروں کی جانب سے انھیں خوفزدہ کرنے کے لیے کی گئی ہے ،

دریں اثنا مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں کچرا کنڈی میں پھینکا گیا آتشگیر مادہ دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنائی دی تاہم دھماکے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو اپنے گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا جس نے معائنے کے بعد دھماکے کو پٹاخوں میں استعمال کیا جانے والا آتشگیر مادہ قرار دیا۔ صفورہ گوٹھ کے قریب سڑک کے کنارے پڑے ہوئے مشتبہ بیگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو اپنے گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا جس نے بیگ کی تلاشی لی تو اس میں نویں کلاس کی کتابیں نکلیں بعدازاں بیگ کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ۔
Load Next Story